Live Updates

وزیر اعظم عمران خان سے معروف صحافی نجم سیٹھی کی بھرپور اپیل

میں وزیر اعظم عمران خان سے یہی درخواست کروں گا کہ وہ پاکستانی جیلوں میں معمولی جرائم کے باعث قید ہونے والے افراد کی رہائی کا بھی حکم دیں کیونکہ کار خیر کا آغاز گھر سے ہونا چاہیے،نجم سیٹھی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 18 فروری 2019 19:13

وزیر اعظم عمران خان سے معروف صحافی نجم سیٹھی کی بھرپور اپیل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) :معروف صحافی نجم سیٹھی نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ پاکستانی جیلوں میں قید پاکستانیوں کے لیے بھی اقدامات کئیے جائیں۔انکا کہنام تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے یہی درخواست کروں گا کہ وہ پاکستانی جیلوں میں معمولی جرائم کے باعث قید ہونے والے افراد کی رہائی کا بھی حکم دیں کیونکہ کار خیر کا آغاز گھر سے ہونا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج اپنا دو روزہ دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانہ ہو چکے ہیں ۔انہوں نے آج ایوان صدر میں ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انکو پاکستان کے سب سے بڑے سول اعزاز نشان پاکستان سے نوازا گیا۔وہاں انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت متعدد رہنماوں سے ملاقات کی جس کے بعد وہ پاکستان سے روانہ ہوئے تاہم سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے احکامات نے سب کے دل جیت لئیے ہیں ،گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے عشائیے کے دوران خصوصی طور پر کھڑے ہو کر کہا کہ سعودی ولی عہد میں آپ سے ایک درخواست کرنا چاہتا ہوں حاجیوں کیلئے خصوصی درخواست کی کہ سعودی عرب پاکستانی حجاج کو امیگریشن کی سہولت فراہم کرے۔

(جاری ہے)

25 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ یہ سارے پاکستانی میرے دل کے قریب ہیں۔ ان سے اچھا رویہ اختیار کیا جائے۔ وزیراعظم نے ایک اور درخواست کی کہ 3 ہزار پاکستانی جو اپنا گھربار چھوڑ کر سعودی عرب گئے۔ وہ معمولی جرائم میں جیلوں میں قید ہیں۔ میری درخواست ہے کہ ان کو رہا کیا جائے۔ جس پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان کو انکارنہیں کرسکتے، وزیراعظم آپ مجھے سعودی عرب میں اپنا پاکستانی سفیر سمجھیں۔

جس کے بعد آج ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2 ہزار 107 پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔

اس حوالے سے معروف صحافی نجم سیٹھی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سعودی عرب میں مقید پاکستانیوں کے لیے کی جانے والی اپیل اور اسکے نتیجے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی رہائی کے احکامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جانا چاہیے۔انکا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان سے یہی درخواست کروں گا کہ وہ پاکستانی جیلوں میں معمولی جرائم کے باعث قید ہونے والے افراد کی رہائی کا بھی حکم دیں کیونکہ کار خیر کا آغاز گھر سے ہونا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات