سراج درانی کی گرفتاری پی پی پی کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے،خرم شیر زمان

نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی پر ہاتھ ڈالا ہے تو ثبوت بھی موجود ہوں گے،رہنما پاکستان تحریک انصاف کی میڈیا سے بات چیت

بدھ 20 فروری 2019 19:17

سراج درانی کی گرفتاری پی پی پی کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے،خرم ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 فروری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ نیب نے زرداری صاحب کے قریبی لاڈلے آغا سرا ج درانی کو آمد ن سے زائد اثاثوں پر گرفتار کیا۔ پی پی پی کے لیے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔بدھ کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے خرم شیر زمان نے کہا کہ نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی پر ہاتھ ڈالا ہے تو ثبوت بھی موجود ہوں گے۔

نیب سندھ اسمبلی میں خرچ کیے گئے اربوں روپے کی بھی تحقیقات کرے۔ ہم آغا سراج درانی کی نااہلی پر بھی جاسکتے ہیں۔ ہم پی پی رہنمائوں کی طرف سے اس گرفتاری کی مذمت پر متعجب ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر کی اسپیکر سندھ کی گرفتاری کی مذمت افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

کراچی سے کشمور تک پی پی رہنمائوں کے زائد اثاثوں کے ثبوت موجود ہیں۔ سندھ اسمبلی میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔

بلاول زرداری فوری طو ر پر اپنے اسپیکر کو ہٹائیں۔ پی پی پی نیب قوانین کو تبدیل کرنا چاہتی ہے جبکہ آپ کی حکومت اور عہد صدارت میں یہ قوانین بنائے گئے۔ زرداری صدر پاکستان تھے جن کے پاس طاقت اور اکثریت تھی۔ جن نیب قوانین کے تحت آغا سراج درانی گرفتار ہوئے، انہیں آپ نے کیوں تبدیل نہ کیا۔ آپ نے پاکستان کے ادارے تباہ کردئیے اور آپ کو یقین تھا کہ ادارے کبھی درست کام نہیں کریں گے اور سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آپ کو اندازہ نہیں تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت آئے گی اور ادارے مضبوط ہوجائیں گے۔ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے، ان کے خلاف احتساب کے ادارے تحریک انصاف کی حکومت میں کام کر رہے ہیں۔ بلاول زرداری قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں ۔ ضروری ہے کہ جمہوری روایات کی پاسداری کرتے ہوئے دوسرے اسپیکر کو سندھ اسمبلی میں لایا جائے۔ علیم خان، بابر اعوان اور اعظم سواتی کی مثالیں آپ کے سامنے ہیں۔

آغا سراج درانی اسپیکر کے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔ ان کے لیے یہی بہتر ہے کہ فوری طور پر ازخود استعفیٰ دیں۔ جتنے بھی بلدیاتی وزراء سندھ میں رہے، سب نیب کے ریڈار پر ہیں۔ اب پاکستان سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر پی پی رہنما بھی نیب کو مطلوب ہیں۔ سب کا احتساب ہونا چاہئے۔