پیپلز پارٹی قائدین کی کردار کشی فوری بند کی جائے،مخدوم احمد محمود

ایوان میں بیٹھے لوٹوں کو پوری قوم جانتی ہے،موجودہ حکمران قوم کے اس اتحاد کا شیراز بکھرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،صدر پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب

جمعرات 7 مارچ 2019 22:32

پیپلز پارٹی قائدین کی کردار کشی فوری بند کی جائے،مخدوم احمد محمود
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صد روسابق گورنرپنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قیادت کی کردار کشی فوری بند کی جائے،موجودہ حکمرانوں کے ایوان میں بیٹھے لوٹوں کو پوری قوم جانتی ہے،پوری قوم نے نازک حالات میں تاریخی اتحاد قائم کیا تاہم موجودہ حکمران قوم کے اس اتحاد کا شیراز بکھرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،حکمرانوں کا اصل چہرہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہے۔

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صد روسابق گورنرپنجاب مخدوم سید احمد محمودنے کہا کہ فواد چوہدری،فیاض الحسن چوہان،مراد سعید،فیصل ووڈا اورعلی امین گنڈا پور اصل تحریک انصاف ہے، پوری قوم ان کی کارکردگی کوجان چکی ہے،بلاول بھٹو کی ایوان میں تقریر پوری قوم کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکمرانوں کا چہرہ پوری قوم کو دکھا دیا ہے،اسد عمر بلاول بھٹو کے خلاف بات کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،بلاول بھٹو اس ماہ جنوبی پنجاب کا تفصیلی دورہ کریں گے اور جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی حلقہ 218میں پیپلز پارٹی کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اتحاد نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، پی پی حلقہ 218میں موجودہ حکمران سرکاری وسائل کا بے تحاشہ استعمال کرکے بھی کامیاب نہیں ہو سکتے،موجودہ حکمرانوں کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی مایوسی عیاں ہوچکی ہے،ملتان کا ضمنی الیکشن حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔