تبدیلی سرکار کے تمام تر وعدوں کے باوجود مہنگائی کا پانچ سالہ رکارڈ ٹوٹ گیا ہے، حسین محنتی

شریعت کا نظام اور دیانتدار قیادت ہی مہنگائی سمیت عوام کو تمام مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں، امیر جماعت اسلامی سندھ

بدھ 13 مارچ 2019 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کے تمام تر وعدوں کے باوجود مہنگائی کا پانچ سالہ رکارڈ ٹوٹ گیا ہے، ڈالر کی اڑان روپے کی بے قدری سے مہنگائی کے طوفان نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، شریعت کا نظام اور دیانتدار قیادت ہی مہنگائی سمیت عوام کو تمام مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، اجلاس میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے دورہ تھر ،22تا24مارچ منصورہ ہالا میں ہر سطح کے ذمہ داران کی سہ روزہ تربیت گاہ اور دعوت الی اللہ رابطہ عوام مہم کے جائزہ سمیت دیگر امور پر غور وآئندہ کی منصوبہ بندی کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس بجلی ،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو پریشان کردیا ہے، موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قومی مفاد اور عوامی مشکلات کی بجائے آئی ایم ایف وعالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عوام پر مہنگائی کی بمباری کررہی ہے، جماعت اسلامی کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، اسلام کے عادلانہ نظام میں ہی ملک ترقی اور عوام کو اپنے حقوق مل سکتے ہیں،ستر سال سے تمام نظام ناکام ثابت ہوئے جنہوں نے بھوک وافلاس،بدحالی،مہنگائی اور محرومیوں کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ہے۔