امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد کی صدر عارف علوی سے ملاقاٹ

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ، شہر میں پانی ، بجلی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف بلدیاتی مسائل و ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال ،نیوزی لینڈ کے سانحے اور دیگر امورپر تبادلہ خیال

ہفتہ 16 مارچ 2019 21:24

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد کی صدر عارف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مارچ2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں وفد نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ، شہر میں پانی ، بجلی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف بلدیاتی مسائل و ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال ،نیوزی لینڈ کے سانحے اور دیگر امورپر تبادلہ خیال کیا گیا، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صدر مملکت ان امور پر اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

وفد میں نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی،مسلم پرویز ، ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری شامل تھے۔ ملاقات کے بعد گورنر ہاؤس کے باہرحافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر پاکستان سے ملاقات میں ہم نے شہر کی موجودہ اور ابتر صوتحال ،شہریوں کو درپیش بجلی ، پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں ،قومی معیشت ، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اوراردو زبان کے نفاذ کے حوالے سے بات کی ، صدر نے ہماری گزارشات کو توجہ سے سنا اوراپنا مثبت کردار ادا کر نے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے ،ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے ،جماعت اسلامی کراچی کی ایک اہم سیاسی جماعت ہے ، سندھ حکومت اپنے مفادات کیلئے تو سرگرم ہو جاتی ہے ، لیکن عوام کے مسائل کے حل کے لیے کچھ کرنے پر تیار نہیں ہے۔کرا چی میں گرین لائن بس سروس سمیت دیگر منصوبوں کوفی الفور مکمل کیا جائے ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے ، ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ قومی غیرت اور عزت کا مسئلہ ہے ، ملک میں بر سراقتدار گزشتہ حکومتوں اور امریکہ میں اوباما دور میں بھی عافیہ کی رہائی کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یورپ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کو صرف ایک واقعہ کا رنگ دے رہا ہے، اگر کوئی مسلمان ایسے واقعہ میں ملوث ہوتا تو دنیا میں شور مچ جاتا اور اس کو جواز بنا کر مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے جاتے اور انہیں دہشت گرد قرار دے کرمیڈیا وار شروع کر دی جاتی ، حکومت پاکستان اور دنیا دہشت گردی کی تعریف کو واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں تعلیمی نظام ہونا چاہیے ، لیکن آج تعلیمی نظام امیر کے لئے الگ اور غریب کیلئے الگ ہے، جس کے باعث ملک کا ٹیلینٹ یاتو بیرون ملک جا رہا ہے یا ضائع ہو رہا ہے، جس کے باعث نوجوان اسلام سے دور ہو رہے ہیں ، کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے، جس کے باعث شہر کی رونقیں دوبارہ سے بحال ہوگئی ہیں۔ #