سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائی کے بعد جاتی امرا آمد، بکروں کا صدقہ دیا گیا

نواز شریف کی جاتی امرا آمد پر داخلی دروازہ پھولوں سے بھر گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 مارچ 2019 11:02

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 مارچ 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف گذشتہ شب لاہور میں موجود اپنی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے تو مسلم لیگ کے کارکنان نے ان پر گُل پاشی کی جس کی وجہ سے جاتی امرا کا داخلی دروازہ پھولوں سے بھر گیا۔ جاتی امرا آمد پر نواز شریف کے لیے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر جاتی امرا کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نواز شریف نے جاتی امرا کے داخلہ راستے پر موجود کارکنان کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا، کئی لیگی کارکنان نے پارٹی قائد کی رہائی پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے اور قائد کی گھر واپسی پر خوشی کا اظہار کیا جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی۔ نواز شریف نے گھر میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے اپنی والدہ سے دعائیں لیں جس کے بعد انہوں نے اپنی مرحوم اہلیہ بیگم کلثوم نواز سمیت خاندان کے دیگر مرحوم افراد کے قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ شب نواز شریف کو کوٹ لکھپت سے رہا کیا گیا تو ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف انہیں جیل سے باہر لے کر آئے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی روبکار خصوصی طیارے سے لائی گئیں۔ اسلام آباد سے خصوصی طیارہ لاہور پہنچا اور کچھ دیرمیں سپریم کورٹ کے طیارے میں ساتھ آنے والے نمائندے نے روبکار جیل حکام تک پہنچائے۔ روبکار جیل حکام تک پہنچنے کے بعد نواز شریف کو رہا کیا گیا۔

یاد رہے کہ منگل کے روز سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پرضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت کی ساعت کی۔ نواز شریف کو طبی بنیادوں پر درخواست کی سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے ضمانت کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ منگل کو سنا دیا گیا ۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔عدالت نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست منظور کی اور نواز شریف کی 6 ہفتے کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 6 ہفتوں کے لیے سزا معطل کر دی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے 8 ہفتوں کے لیے ضمانت کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے 6 ہفتوں کے لیے ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے نواز شریف کو 50,50لاکھ کے د و مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ نواز شریف پاکستان میں اپنی پسند کے ڈاکٹر سے علاج کروا سکیں گے۔ 6 ہفتوں بعد نواز شریف کو دوبارہ جیل جانا ہو گا۔