سیّد یوسف رضا گیلانی جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے نیب میں پیش، تفتیشی ٹیم کے سوالات کے جواب دیئے

بطور وزیراعظم جو گاڑیاں تحفہ میں ملیں وہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کو دیں، سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 2 اپریل 2019 17:35

سیّد یوسف رضا گیلانی جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں بیان ریکارڈ کرانے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2019ء) سابق وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں بیان ریکارڈ کرانے کیلئے منگل کو نیب اولڈ ہیڈ کوارٹرز میں پیش ہوئے اور نیب کی تفتیشی ٹیم کے سوالات کے جواب دیئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم جو گاڑیاں تحفہ میں ملی تھیں وہ میں نے آصف علی زرداری اور نواز شریف کو دیں، نیب نے مجھے جعلی اکاؤنٹس کیس میں بلایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سربراہ مملکت کی جانب سے موصول گفٹ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو دیئے تھے، گفٹ آگے دینا میرا اختیار تھا، مجھے کہا گیا ہے کہ ان گفٹس کی ادائیگی جعلی اکاؤنٹس سے ہوئی ہے لیکن میں نے جواب دیا کہ کوئی غلط کام نہیں کیا، اپنے اختیار کے مطابق کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کیسز کا معاملہ کورٹ میں جائے گا اور وہاں فیصلہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے، ہمیشہ جمہورت کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں، ابھی نوٹس ملا تو ضمانت کرائے بغیر نیب میں پیش ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نوجوان قیادت ہے، قوم کو ان سے امیدیں ہیں، آصف زرادی سینئر قیادت ہے وہ تجربہ کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سوالنامہ دیا گیا ہے جس کا جواب دوں گا۔