کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے، تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا گیا ہے،ظفرحسین خان ایڈووکیٹ

منگل 2 اپریل 2019 22:10

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے ۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا گیا ہے۔ اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو ان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں سے مختلف نہ ہوگا۔

موجودہ حکومت سابقہ حکمرانوں کے انجام سے سبق سیکھے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے تمام دعوے ہوا میں اڑادیئے گئے ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو ان کی زندگی کو اجیرن بھی نہ بنائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت ایک لیٹر پٹرول پرتقریباً 50 روپے تک کے مختلف ٹیکس عائد ہیں جوکہ خالصتاً حکومت کامنافع ہے کیونکہ ان کے ذریعے حکومت فوری طور پرمنافع مل جاتا ہے اس لئے وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں کررہی جبکہ بھارت میں گزشتہ چند ماہ کے دوران سات بار پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کی گئی ہے ،وزیر خزانہ اسد عمر جب اپوزیشن میں تھے تو سب سے زیادہ تنقید تیل کی قیمتوں پر کرتے تھے مگر اب انہوں نے بھی چپ سادھ رکھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے۔حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں ہے ۔ ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں دیکھی گئی جتنی تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے آٹھ ماہ میں کردی ہے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ مہنگائی میں دو سوفیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

پاکستان کی معیشت سکڑ کر 280ارب ڈالر کی رہ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی ۔جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے۔