چینی باشندوں کی جانب سے کم سن بچیوں کے گردے نکالے جانے کا انکشاف

چینی باشندے بچیوں کے والدین کو پیسے دے کر بچیوں سے شادیاں کر رہے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 3 اپریل 2019 14:56

چینی باشندوں کی جانب سے کم سن بچیوں کے گردے نکالے جانے کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اپریل 2019ء) : پاک چین اقتصادی راہداری پر کام شروع ہوا تو پاکستان میں چینی آبادی میں بھی کچھ اضافہ ہوا۔ قبل ازیں ملک میں کبھی کبھار چینی باشندے دکھائی دیتے تھے لیکن اب اکثر ہی شاپنگ مالز میں چینی باشندوں کو دیکھا جاتا ہے۔ حال ہی میں کئی چینی شہریوں نے پاکستانی شہریوں سے شادیاں بھی کیں۔ان میں زیادہ تر تعداد چینی نوجوانوں کی تھی جنہیں پاکستان کی لڑکیاں اتنی بھا گئیں کہ انہوں نے ان سے شادی رچا لی۔

تاہم اب چینی باشندوں کی جانب سے پاکستانی بچیوں کے گردے نکالے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی باشندے بچیوں کے والدین کو پیسے دے کر بچیوں سے شادیاں کر رہے ہیں۔ شادی کے بعد چینی باشندوں کی جانب سے پاکستانی بچیوں کے گردے نکالے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ انکشاف قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں رکن کمیٹی شنیلا رتھ نے کیا۔

انہوں نے کمیٹی کے اجلاس میں بتایا کہ ہندو بچیوں کے مسلمان ہو جانے کے جعلی سرٹیفکیٹس بھی بنائے جا رہے ہیں۔ کمیٹی کے اجلاس میں خواتین پر تشدد کے بڑھتے ہوئےواقعات کے پیش نظر اس سلسلے میں مؤثر قانون سازی کرنے پر بھی بحث ہوئی۔ اجلاس میں اقلیتوں کی ایوانوں میں نشستیں بڑھانے کے لیے چار رکنی سب کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس ایک چینی باشندے نے پاکستانی لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش بھی کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

چینی باشندے نے سرگودھا سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون سلویا کو اس کے والد سے مبینہ طور پر پانچ لاکھ کے عوض خریدا تھا،لیکن ائیرپورٹ پر جب امیگریشن حکام نے دستاویزات دیکھتے ہوئے چینی باشندے سے سوالات کیے تو وہ جواب دینے میں ناکام رہا تھا ۔ لڑکی نے حکام کو بتایا تھا کہ اس کے والد نے اس کو چینی باشندے کے ہاتھ فروخت کیا تھا اور وہ گھر واپس جانا چاہتی ہے۔ جس کے بعد حکام نے چینی باشندے کی پاکستانی لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کر کے لے جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔