لسبیلہ: اوتھل کے قریب 2 پک اپ گاڑیوں اور مسافر کوچ میں تصادم، 9 افراد جاں بحق

حادثے کا شکار کوچ کوئٹہ سے کراچی اور دونوں پک اپ گاڑیاں کراچی سے خضدار جارہی تھیں

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 22 اگست 2025 12:38

لسبیلہ: اوتھل کے قریب 2 پک اپ گاڑیوں اور مسافر کوچ میں تصادم، 9 افراد ..
لسبیلہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2025ء)  بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل اوتھل کے قریب دو پک اپ گاڑیوں اور مسافر کوچ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا جس کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

جاں بحق افراد میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال اوتھل اور سول اسپتال بیلہ منتقل کردیا گیا۔ حادثے کا شکار کوچ کوئٹہ سے کراچی اور دونوں پک اپ گاڑیاں کراچی سے خضدار جارہی تھیں، جاں بحق و زخمی پولیس اہلکار پک اپ گاڑی میں اوتھل سے بیلہ جارہے تھے۔ گزشتہ روز بھی رحیم یار خان میں ایمبولینس بس سے ٹکرا گئی، حادثے میں 4 ریسکیو اہلکاروں سمیت 6 افراد جان سے گئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ کے قریب ریسکیو ایمبولینس اور مسافر بس میں تصادم ہوگیا، حادثے میں 4 ریسکیو اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو 1122 کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو ایمبولینس ٹی ایچ کیو خان پور سے مریضوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کررہی تھی، حادثہ موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے پیش آیا۔