صحت ، تعلیم ،زراعت سمیت عوامی مفاد کے شعبوں میں بہتری کیلئے پانچ سالہ طویل المدتی منصوبہ شروع کررہے ہیں ، راجہ فاروق حیدر

مظفرآباد میں امراض قلب کا الگ ہسپتال اور ٹراما سینٹر قائم کیا جائیگا ،آزادکشمیر کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو بھی ایمرجنسی سروسز سے آراستہ کر کے ایکسلیشن سینٹر میں بدلیں گے، تقریب سے خطاب / میڈیا سے گفتگو

جمعرات 4 اپریل 2019 17:57

صحت ، تعلیم ،زراعت سمیت عوامی مفاد کے شعبوں میں بہتری کیلئے پانچ سالہ ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ صحت ، تعلیم ،زراعت، سروسز ڈلیوری ، پولی ٹیکنیکل اوراعلی تعلیم کے حصول کیلئے سکالر شپ سمیت عوامی مفاد کے شعبوں میں بہتری کیلئے پانچ سالہ طویل المدتی منصوبہ شروع کررہے ہیں ۔ مظفرآباد میں امراض قلب کا الگ ہسپتال اور ٹراما سینٹر قائم کیا جائیگا جبکہ آزادکشمیر کے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کو بھی ایمرجنسی سروسز سے آراستہ کر کے ایکسلیشن سینٹر میں بدلیں گے ۔

متحدہ امارات نے زلزلہ2005کے بعد 250بیڈز پر مشتمل سی ایم ایچ تعمیر کیا جس پر حکومت متحدہ امارات کے شکرگزار ہیں ۔ یہ ہسپتال1ہزار بیڈز تک پہنچ کر ہی ڈویژن اور گرد نواح کی ضروریات پوری کر سکے گااس ضمن میں ہسپتال کی مکمل تعمیر کیلئے حکومت متحدہ امارات سے تعمیر کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم پاکستان کی سربراہی میں آئندہ ہونے والی ایراء کی میٹنگ میں سی ایم ایچ مظفرآباد سمیت دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کی توسیع پر بات ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ایم ایچ مظفرآباد میں وزیر اعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نئے تعمیر ہونے والے نئے بلا ک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزراء حکومت محترمہ نورین عارف، راجہ محمد نصیر خان، سیکرٹری صحت میجر جنرل ملک مسعود احمد ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اعجاز احمدخان ،کمانڈنٹ سی ایم ایچ برگیڈیئر حسن اور ڈی جی لوکل گورنمنٹ سردار گلزمان خان بھی موجود تھے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آنے والے بجٹ میں سی ایم ایچ مظفرآباد کی اہم ضروریات کو پورا کیا جائیگا۔ گائنی وارڈ میں بیڈز کا بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معالج کا پیشہ انتہائی حساس اور اہم ہے جس کے ساتھ انسانی زندگیوں کا تعلق وابستہ ہوتا ہے ۔ ڈاکٹرز اپنے پیشے کو دکھی انسانیت کے درد کا مداوا بنائیں ۔ اس موقع پر سی ایم ایچ کمانڈنٹ بریگیڈئیر حسن نے کہاکہ شیخ خلیفہ بن زید النہان ہسپتال مظفرآباد میں مظفرآباد ڈویژن، نیلم ، جہلم ویلی ، ایبٹ آباد سمیت ہزارہ دیگر مقامات کے لاکھوں سویلین اور ملٹری کے متعلقہ افراد سہولیات حاصل کررہے ہیں ۔

حکومت آزادکشمیر کے تعاون سے اس وقت سی ایم ایچ کی عمارت میں اضافہ ہو اہے اور علاج کی جدید سہولیات میسر آئیںجس پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کے شکرگزار ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے سی ایم ایچ کے نئے بلاک کی نقاب کشائی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :