سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا: چودھری پرویزالٰہی، دونوں ملک ایک جسم و جان ہیں‘امام کعبہ

امت مسلمہ میں پاکستان کا کردار قابل قدر ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دیں‘ ڈاکٹر شیخ عبداللہ شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان کی محبت اور حاجیوں کا کوٹہ بڑھانے پر ہر پاکستانی ان کیلئے دعاگو ہے، امام کعبہ کا اسلامی بھائی چارہ کیلئے اہم کردار ہے‘مشترکہ خطاب

منگل 16 اپریل 2019 23:42

سعودی عرب نے ہمیشہ ساتھ دیا: چودھری پرویزالٰہی، دونوں ملک ایک جسم و ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) امام کعبہ ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے یہاں قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاک سعودی تعلقات میں کوئی بھی رخنہ نہیں ڈال سکتا۔

امام کعبہ نے کہا کہ پلاکستان اور سعودی عرب ایک جسم اور ایک جان کی مانند ہیں، امت مسلمہ میں پاکستان کا کردار قابل قدر ہے، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت قابل تحسین ہے اور ہر پاکستانی ان کیلئے دعا گو ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز ہم پاکستانیوں کے دل میں رہتے ہیں، جب میں وزیراعلیٰ پنجاب اور چودھری شجاعت حسین وزیرداخلہ تھے تو انہوں نے پاکستان کا دورہ کیاتھا جو ہمارے لیے قابل فخرہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی سعودی عرب کی پاک دھرتی کی حفاظت کا عہد کئے ہوئے ہے اور اپنے سعودی بھائیوں کیلئے دعا گو ہے، سعودی عرب اپنے فرما روائوں کی قیادت میں مسلم امہ کو متحد رکھے ہوئے ہے، امام کعبہ کا مسلمانوں میں خصوصی باہمی، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے اہم کردار ہے، ہماری خواہش ہے کہ وہ بار بار پاکستان آئیں۔

پاکستان آمد پر امام کعبہ کا والہانہ استقبال ان کیلئے ہماری محبت و عقیدت کا مظہر ہے، سعودی فرمانرائوں اور شاہی خاندان نے ہر مشکل مرحلہ میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ان کی اسی محبت کا نتیجہ ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں پاکستان کا تاریخی دورہ کیا اور حاجیوں کے کوٹہ میں اضافہ کے علاوہ سعودیہ میں قید پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا اور اس دوران اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں سب سے زیادہ پاکستانی مقیم ہیں جو قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جس پر لاکھوں گھرانے اور ہر پاکستانی ان کو دعائیں دیتا ہے۔ امام کعبہ ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام لایا ہوں، دونوں ملکوں میں دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، باہمی مضبوط تعلقات کو ہر سعودی شہری قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان سے دوستی نبھائے گا، ہم امت مسلمہ میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک ایک جسم اور جان کی مانند ہیں ان میں کوئی تفریق نہیں، حج کوٹہ میں اضافہ پاکستان پر سعودی عرب کا اظہار اعتماد ہے، میں پاکستان کی سلامتی، خوشحالی، ترقی کیلئے دعا گو ہوں، اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، سالک حسین ایم این اے، شافع حسین، راسخ الٰہی، صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، سید سعید الحسن، محمد رضوان، حافظ طاہر اشرفی، ڈاکٹر اے آر خالد، جی ایم سکندر، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، بڑی تعداد میں علماء کرام بھی موجود تھے۔