راجہ پرویز اشرف کے وزیراعظم بننے سے متعلق اہم انکشاف

معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے پوری کہانی بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 17 اپریل 2019 16:33

راجہ پرویز اشرف کے وزیراعظم بننے سے متعلق اہم انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ آصف علی زرداری پارلیمانی نظام کے صدر رہے ہیں لیکن عملی طور پر وہ صدارتی نظام تھا۔ اگر کسی کا خیال ہے کہ آصف علی زرداری کی صدارت کے دور میں یوسف رضا گیلانی یا راجہ پرویز اشرف فیصلے کیا کرتے تھے تو یہ غلط ہے کیونکہ تمام فیصلے آصف علی زرداری کے پاس ہی تھے۔

اصل بات یہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں صدارتی نظام ہی تھا اور اس قدر صدارتی نظام تھا کہ جب راجہ پرویز اشرف کا انتخاب ہوا تو اس وقت آصف علی زرداری نے کہا کہ ایک بڑی کاروباری شخصیت کے گھر راجہ پرویز اشرف اور مخدوم شہاب الدین جو اس وقت وزیر صحت تھے، ان دونوں میں سے اس کاروباری شخصیت کے گھر جو پہلے پہنچے گا وہ وزیراعظم بن جائے گا۔

(جاری ہے)

جس پر ریس لگی اور راجہ پرویز اشرف نے شہاب الدین کو پیچھے چھوڑ دیا اور جا کر اس کاروباری شخصیت کے گھر پر حاضری دی۔

جس کے بعد وہ وزیراعظم بن گئے۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں یہ صورتحال تھی۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے دور میں سپریم کورٹ نے وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کے الیکشن کمیشن نے عدالت عظمیٰ کے حکم پر وزیراعظم گیلانی کی نااہلی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے بعد نومنتخب وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور27 وفاقی وزرا اور11 وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا۔

صدر آصف علی زرداری نے پہلے راجہ پرویز اشرف سے حلف لیا اور اس کے بعد وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت سے حلف لیا گیا تھا ۔ تاہم اب ڈاکٹر شاہد مسعود نے راجہ پرویز اشرف کے وزیراعظم کے عہدے کے لیے انتخاب کے طریقہ کار سے متعلق انکشاف کیا ہے جس پر سیاسی مبصرین نے بھی حیرت کا اظہار کیا ہے ۔