Live Updates

اسد عمر نے تحریک انصاف سے دوری اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا

اپنی وزارت کے باعث بہت زیادہ ذہنی دباو اور جسمانی تھکاوٹ کا شکار رہا، جیسے ہی وزارت سے ہٹائے جانے کا علم ہوا میری تھکاوٹ فوری کم ہوگئی، ممکن ہے اسی باعث مستقبل میں پارٹی کی سیاست سے دور رہوں: سابق وزیر خزانہ

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اپریل 2019 22:20

اسد عمر نے تحریک انصاف سے دوری اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) اسد عمر نے تحریک انصاف سے دوری اختیار کرنے کا عندیہ دے دیا، سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ اپنی وزارت کے باعث بہت زیادہ ذہنی دباو اور جسمانی تھکاوٹ کا شکار رہا، جیسے ہی وزارت سے ہٹائے جانے کا علم ہوا میری تھکاوٹ فوری کم ہوگئی، ممکن ہے اسی باعث مستقبل میں پارٹی کی سیاست سے دور رہوں۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنی جماعت تحریک انصاف سے دوری اختیار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے بتایا گیا کہ ان پر وزارت خزانہ کی ذمہ داری کا بہت زیادہ بوجھ تھا۔ گزشتہ 8 ماہ کے دوران اپنی وزارت کی ذمہ داریوں کے باعث بہت سے زیادہ ذہنی دباو اور جسمانی تھکاوٹ کا شکار ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

آج جب وزیراعظم نے وزارت واپس لینے کا بتایا، تو اسی وقت میری تھکاوٹ اور ذہنی دباو بہت حد تک کم ہوگیا۔

پروگرام کے دوران جب ان سے تحریک انصاف سے وابستگی کے مستقبل سے متعلق سوال کیا گیا، تو اسد عمر نے کہا کہ چونکہ وہ بہت زیادہ ذہنی اور جسمانی تھکاوٹ کا شکار ہیں، اس لیے عین ممکن ہے کہ وہ پارٹی کی سیاست سے دوری اختیار کر لیں۔ تاہم اس حوالے سے وہ اس وقت کچھ واضح اعلان نہیں کر سکتے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی ہے۔

وزیراعظم نے 9 وفاقی وزراء سے یا تو ان کے قلمدان واپس لے لیے ہیں، یا قلمدان تبدیل کیے گئے ہیں۔ اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری سے اطلاعات، علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور، غلام سرور خان سے پیٹرولیم، عامر محمود کیانی سے قومی صحت، طارق بشیر چیمہ سے ہاؤسنگ کی وزارت واپس لے لی ہے۔

شہریار آفریدی سے بھی پارلیمانی وزارت داخلہ کا قلمدان جبکہ میاں محمد سومرو سے وزارت ہوا بازی واپس لی گئی ہے۔ سینیٹر اعظم سواتی کی بھی وفاقی کابینہ میں واپسی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعظم آفس اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کرے گا۔ جبکہ اس سے قبل وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی اپنی وزارت کو خیرباد کہہ دیا۔ تاہم اسد عمر آئندہ کس وزارت یا عہدے پر کام کریں گے، اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات