Live Updates

اسد عمر کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی بھی تبدیلی کی تیاریاں

وزیراعلی پنجاب کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، تبدیلی کرنے پر پر سنجیدگی سے غور، چند روز میں باقاعدہ اعلان متوقع

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 اپریل 2019 22:40

اسد عمر کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی بھی تبدیلی کی تیاریاں
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) اسد عمر کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی بھی تبدیلی کی تیاریاں، وزیراعلی پنجاب کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، تبدیلی کرنے پر پر سنجیدگی سے غور، چند روز میں باقاعدہ اعلان متوقع۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی چھٹی، وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی چھٹی کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں، اس لیے انہیں وزارت اعلی کے عہدے سے ہٹا دیے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی فہد حسین نے بتایا کہ کچھ اندرونی خبریں سامنے آئی تھیں کہ عثمان بزدار کا جلد تبدیل کر دیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

تاہم عثمان بزدار سے قبل اسد عمر کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے جن جن حکومتی عہدیداران کا دفاع کیا، ایک ایک کرکے ان سب کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ عثمان بزدار بھی اس لسٹ میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق عثمان بزدار کے مستقبل کے حوالے سے آئندہ چند روز میں باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ تاہم حکومت یا تحریک انصاف کی جانب سے عثمان بزدار کو وزارت اعلی سے ہٹائے جانے کی خبروں پر کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں میں ردوبدل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے جبکہ محمد میاں سومرو جن کے پاس ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان بھی تھا وہ وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ جبکہ ڈاکٹر ظفر الله مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات