پیپلز پارٹی کا وقت قریب آرہا ہے، اگلی حکومت پی پی کی ہوگی،سینیٹر رحمن ملک

کچھ طاقتیں پاکستان اور ایران کے تعلقات خراب کرنا چاہ رہی ہیں، پاکستان کو تمام مسلم ممالک کیساتھ تعلقات بڑھانے ہونگے،اسلام آباد پر گہرے بادل نظر آ رہے ہیں، اگر کچھ نہ کیا گیا تو ہوسکتا ہے ژالہ باری شروع ہوجائے،حکومت کچھ نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے ، تقریب سے خطاب

پیر 22 اپریل 2019 23:50

پیپلز پارٹی کا وقت قریب آرہا ہے، اگلی حکومت پی پی کی ہوگی،سینیٹر رحمن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا وقت قریب آرہا ہے، اگلی حکومت پی پی کی ہوگی،کچھ طاقتیں پاکستان اور ایران کے تعلقات خراب کرنا چاہ رہی ہیں، پاکستان کو تمام مسلم ممالک کیساتھ تعلقات بڑھانے ہونگے،اسلام آباد پر گہرے بادل نظر آ رہے ہیں، اگر کچھ نہ کیا گیا تو ہوسکتا ہے ژالہ باری شروع ہوجائے،حکومت کچھ نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے ۔

پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکن بشریٰ افتخار کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ بشریٰ افتخار پوری پیپلز پارٹی کی بھابھی تھی،ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کا ہوگا،پیپلز پارٹی وہ واحد کلاس ہے جس میں مڈل کلاس لوگ آگے آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ کبھی وزیر داخلہ بنوں گا،پاکستان پیپلز پارٹی خدمت کے لئے ہے ، آئیں ملکر اتحاد کے ساتھ بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلا وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری ہوگا،میں آج تک جو بھی پیش گوئی کی وہ پوری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہا تھا بھارت 14سے 18اپریل تک پاکستان پر حملہ کر سکتا ہے اور میں نے کہا تھا بھارت کبھی حملہ کر ہی نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر کوئی دہشتگردی کا حملہ ہوا تو اس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جب بھی حملہ کیا غداروں کا گروپ تیا ر کر کے حملہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے کہا تھا کہ بلوچستان کے ذریعے پاکستان کو سبق سکھاؤں گا ، اس کے بعد بھارتی جاسوس پکڑا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں چاہ رہی ہیں پاکستان اور ایران کے تعلقات خراب ہوجائیں لیکن پاکستان کو تمام مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا مسئلہ اس وقت مہنگائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے کچھ نہ کیا تو ڈالر 160تک چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اسلام آباد پر گہرے بادل نظر آ رہے ہیں، اگر کچھ نہ کیا گیا تو ہوسکتا ہے ژالہ باری شروع ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کچھ نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے ۔