Live Updates

انڈیا کے سوا تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، انتخابات کے بعد بھارت سے بہتری کی امید ہے ،وزیر اعظم

سی پیک کی بدولت دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کا سوچ رہے ہیں ،منصوبہ پاکستان کیلئے نعمت سے کم نہیں،خصوصی اقتصادی زونز سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں کام کرنے کا موقع ملے گا، عمران خان کا خطاب

جمعہ 26 اپریل 2019 17:57

انڈیا کے سوا تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، انتخابات کے بعد بھارت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کے پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات ہیں، صرف انڈیا سے پاکستان کے تعلقات بہتر نہیں ، امید ہے بھارت میں انتخاب کے بعد معاملہ آگے بڑھے گا، سی پیک کی بدولت دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کا سوچ رہے ہیں ،منصوبہ پاکستان کیلئے نعمت سے کم نہیں،خصوصی اقتصادی زونز سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

وہ جمعہ کو چین پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے ظہرانے سے خطاب کررہے تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے حوالے سے فرینڈشپ ایسوسی ایشن کی کوششوں کا معترف ہوں۔ انہوںنے کہاکہ صدر شی چن پنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں دنیا بھر کے رہنمائوں کو دعوت دی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سی پیک منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ کی صورت میں انتہائی اہم ہے جبکہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کیلئے ایک نعمت ہے۔

انہوںنے کہا کہ سی پیک کی بدولت دوسرے ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا سوچ رہے ہیں، سی پیک پر پورا پاکستان متفق ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی مختلف جہتیں ہیں، چین کی یونیورسٹیوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر توجہ دی۔انہوںنے کہاکہ چین نے گزشتہ 30سال میں ترقی کی منازل طے کیں، چین کے ساتھ خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے تجارت کے مواقع پر کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ خصوصی اقتصادی زونز سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ بہترین سطح پر رہے ہیں، مشکل کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، اب پاکستان کے عوام سمجھتے ہیں کہ چین ہر مشکل میں ہمارا دوست ہے۔عمران خان نے کہا کہ غربت میں کمی کے لیے چین کی کوششوں سے سیکھنا چاہتے ہیں،غربت میں کمی کے پروگرام کے لیے چین کا تعاون حاصل ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ترقی اور استحکام کیلئے امن ناگزیر ہے اس لیے ہماری حکومت پڑوسیوں سے تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔انہوںنے کہاکہ جو کچھ افغانستان میں ہوتا ہے اس کے اثرات پاکستان میں پڑتے ہیں اس کے لیے ہم امریکا اور طالبان کے مذاکرات میں تعاون کر کے افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں جبکہ اس سلسلے میں ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ بھارت میں انتخابات کے بعد اس سے بھی مذاکرات بحال ہونے کی امید ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کو مزید وسعت دی جاچکی ہے جس میں زرعی شعبہ، ٹیکنالوجی، غربت کا خاتمہ بھی شامل کرلیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ سی پیک میں خصوصی اقتصادی زونز بھی شامل ہیں جس سے ہمیں برآمدات میں فائدہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ اور جس طرح چین نے صنعتیں لگائیں اقتصادی زونز قائم کیے اس طرح ایک صنعتی پاکستان کے قیام کیلئے چینی تجربے سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات