Live Updates

آئی ایم ایف کا وفد 29 اپریل کوپاکستان کا دورہ کرے گا

پاکستانی اورآئی ایم ایف ٹیم کے درمیان قرض معاہدے کی تفصیلات پر غورہوگا، پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خزانہ حفیظ شیخ کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اپریل 2019 20:48

آئی ایم ایف کا وفد 29 اپریل کوپاکستان کا دورہ کرے گا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل 2019ء) آئی ایم ایف کا وفد 29 اپریل کوپاکستان کا دورہ کرے گا، پاکستانی اور آئی ایم ایف ٹیم کے درمیان قرض معاہدے کی تفصیلات پر غور ہوگا، پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خزانہ حفیظ شیخ کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم 29 اپریل کوپاکستان کا دورہ کرے گی۔ آئی ایم ایف سپورٹ پروگرام کے تکنیکی معاملات پربات چیت ہوگی۔

پاکستانی اور آئی ایم ایف ٹیم کے درمیان قرض معاہدے کی تفصیلات پر غور ہوگا۔ پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خزانہ حفیظ شیخ کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف وفد 10روز پاکستان میں قیام کرے گا۔آئی ایم ایف سے مذاکرات کیلئے معاشی فریم ورک تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف سے مذاکرات میں متعلقہ ادارے اور محکمے حصہ لیں گے۔ واضح رہے آج وزیراعظم عمران خان سے بیجنگ میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے ملاقات کی، دونوں میں ملاقات دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ہوئی۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف کو موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو معاشی ٹیم میں اہم تبدیلیوں اور معاشی پالیسیوں سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کو 6ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان ہے۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورے پر چین گئے ہیں، جہاں اہم معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے میگا منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پانچ نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں، سیاحت کا فروغ ، کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کیخلاف مشترکہ حکمت عملی، غربت کے خاتمے کیلئے فنڈز کا قیام اور تجارت و سرمایہ کاری کیلئے ماحول بہتر بنانے کی کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام ہوگا، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی بحران میں کمی ہوئی اور چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات