Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے مہمند ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 2 مئی 2019 14:01

وزیراعظم عمران خان نے مہمند ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 مئی 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے مہمند ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی شریک تھے۔ مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں وفاقی وزرا اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی موجود تھے۔

مہمند ڈیم سے پانی کے ذخائر اور بجلی کی پیداوار میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔ مہمند ڈیم سے 8 سو میگا واٹ بجلی کے علاوہ 17 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو گی جبکہ 12 لاکھ ایکڑ فٹ پانی آبپاشی کے لیے بھی دستیاب ہو گا۔ مہمند ڈیم کے منصوبے پر 291 ارب روپے لاگت آئے گی اور یہ ساڑھے پانچ سال کی مدت میں مکمل ہو گا۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈیم فنڈ میں اب تک 11 ارب روپے کے لگ بھگ عطیات جمع ہو چکے ہیں جب کہ حکومت 280 ارب روپے اپنے وسائل اور قرضے لے کر ڈیم مکمل کرے گی۔

واضح رہے کہ مہمند ڈیم خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں پشاور کے شمال سے 37 کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیر ہو گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب دو بار ملتوی ہوئی تھی۔ خیال رہے کہ گذشتہ برس 6 جولائی 2018ء کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ سابق چیف جسٹس کے احکامات کے بعد دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں نے کھُلے دل سے عطیات دئے جس کے بعد اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات