Live Updates

پچھلی نااہل حکومتوں کی وجہ سے عوام کو عارضی مہنگائی کا سامنا ہے،شوکت یوسفزئی

منگل 7 مئی 2019 23:11

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ مریضوں کو صحت کی سہولیات مہیا کرنے میں ڈاکٹروں کے ساتھ پیرامیڈکس ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔پیرامیڈکس کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے پیرامیڈیکل اداروں کے مسائل کو حل کریں گے۔ زرداری اور شریفوں نے ملک کو جیسے چلایا اس نے تمام اداروں کو تباہ کردیا۔

بجلی، گیس اور پی آئی اے سمیت تمام اداروں کو اربوں روپے خسارے میں چھوڑا۔ ملک میں وسائل بے شمار ہیں عمران خان کی لیڈرشپ میں تمام بحرانوں پر قابو پالیں گے قوم بہادر ہے ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے ملک کی ترقی کیلئے عوام مشکل حالات سے لڑنا جانتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ دوران پور کے سالانہ ادارتی رسالہ 'د خیبر لمن' کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پچھلی نااہل حکومتوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے آج عوام کو بھی عارضی مہنگائی کا سامنا ہے حکومت بجلی اور گیس سستی کرنا چاہتی ہے لیکن پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کی حکومت نے بجلی 1250 ارب روپے اور گیس 154 ارب روپے اور پی آئی اے 375 ارب روپے خسارے میں چھوڑا۔اداروں کو بنانے اور مہنگائی کے خاتمہ کیلیے پہلے ان خساروں کو ختم کرنا ہوگا دونوں کی حکومتوں میں ملکی ادارے کمزور ہوئے جبکہ ان دونوں کی سٹیل ملز اور شوگر ملز ترقی کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں قوم کو صحیح لیڈرشپ ملی ہے بہت جلد تمام بحرانوں پر قابو پا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے عوام مشکل حالات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے ہم پوری دنیا میں واحد قوم ہیں جس نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ پیرامیڈکس اور پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹروں کے ساتھ پروفیشنل پیرامیڈیکس کا موجود ہونا بہت ضروری ہوتا ہے ڈاکٹرسے زیادہ مریضوں کے ساتھ وقت پیرامیڈکس گزارتے ہیں با صلاحیت پیرامیڈکس پیدا کرنے کے لئے صوبے میں موجود پیرامیڈیکل اداروں کو مزید پروفیشنل بنائیں گے اور ان کے تمام مسائل کو حل کریں گے۔

دخیبر لمن سالانہ رسالے کی اشاعت ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے لئے ایک اعزاز ہے اس سے پیرامیڈکس کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا دخیبر لمن کی تقریب رونمائی میں سیکریٹری ہیلتھ سیدفاروق جمیل، صوبائی پیرامیڈکس ایسوسی ایشن کے صدر رویدار شاہ، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایوب روز، ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل ڈاکٹر جانباز آفریدی اور دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے زوالفقارعلی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں پودا بھی اِگایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات