ْوزیر اعظم آزاد کشمیر کی آڈیو لیکس سے پوری کشمیری قوم کی توہین ہوئی ہے ،راجہ اسحاق خان

فاروق حیدر نے سردار سکندر کی توہین کر کے چھوٹے پن کا مظاہرہ کیا، بڑے منصب پر بیٹھ کر ایسی گفتگو زیب نہیں دیتی، رہنماء مسلم کانفرنس

ہفتہ 11 مئی 2019 14:27

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2019ء) سٹی صدر مسلم کانفرنس راجہ اسحاق خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی آڈیو لیکس سے پوری کشمیری قوم کی توہین ہوئی ہے جس میں انہوں نے سالار جمہوریت سردار سکندر حیات خان کے خلاف انتہائی گندگی زبان استعمال کی ہے سردار سکندر حیات خان ریاست جموں وکشمیر کی سب سے سینئر ترین سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں پورے آزاد کشمیر کے عوام کی بلا تفریق و تخصیص خدمت کی ہے وزیر اعظم نے ان کی توہین کر کے اپنے چھوٹے پن کا اظہار کیا ہے ریاست کے سب سے بڑے منصب پر بیٹھ کر وزیر اعظم کواس طرح کی گفتگوزیب نہیں دیتی انہوں نے کہا ہے کہ ریاست کی ایک سیاسی خاتون کے خلاف وزیر اعظم کی ہرزہ سرائی کسی طور قابل قبول نہیں ہے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو فی الفور ریاست جموں وکشمیر کے عوام، سے معافی مانگتے ہوئے اپنے آپ کو کلیئر کرنا چاہیے ورنہ بڑے احتساب کیلئے تیار ہو جائیں خواتین ہمارے معاشرے میں سب سے باعزت اور با عصمت مخلوق ہے جو ماں ،بہن ،بیٹی کے روپ میں پورے معاشرے کی سائے کی طرح نگہداشت کرتی ہیں ان کے خلاف بیان بازی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا ہے کہ ہم مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں ۔