ة قابض بھارتی فوج نہتے کشمیری مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہی:ا یم این اے رانا مبشر اقبال

اتوار 19 مئی 2019 21:15

%لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایم این اے رانا مبشر اقبال نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ اور بارمولہ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجہ میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج نہتے کشمیری مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہی ہے۔ بھارتی فوج نے اسرائیل طرز کی پالیسی اپنا رکھی ہے اور فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھا ہو اہے۔

مقبوضہ کشمیر میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا، جب نہتے کشمیری نوجوانوں کو قتل نہ کر دیا جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ بھارت نے پچھلے 70 سال کی تاریخ سے بھی کچھ سبق حاصل نہیںکیا اور وہ اسی غلط فہمی کا شکار ہے کہ وہ انسانیت سوز، مظالم تشدد اور خواتین سے جنسی زیادتی جیسے شرمناک اور اوچھے ہتھکنڈو ں سے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو دبا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ اچھی طرح جان لینا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خود ارادیت کے حصول سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہیں اور وہ بھارت کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کے باوجود اپنا حق خود ارادیت کا حق چھین کر رہیں گے۔ ایم این اے رانا مبشر اقبال نے کہا کہ8 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی، درجنوں کالے قوانین اور پیلٹ گن سے بے خوف کشمیری نوجوان تیزی سے بھارتی فوج کے تسلط سے آزادی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور انٹرنیٹ بند کرنے کے باوجود بھارتی ظلم کی داستانیں دنیا کے سامنے عیاں ہو رہی ہیں جس سے پوری دنیا میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو بے حد اخلاقی سپورٹ مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں ہے جب دنیا کے اہم ممالک اور ادارے بھی جلد اپنی ذاتی معاشی وسیاسی مفادات کے بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت کا حق دلوانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔