Live Updates

وزیر ریلوے شیخ رشید کا 15 روز میں کراچی سرکلر ریلوے چلانے کا اعلان

حزب اختلاف کی جماعتیں بے ایمانیوں کی وجہ سے اکٹھی ہو رہی ہیں۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا شہباز شریف این آر او مانگ رہا ہے۔ اب آصف زرداری بھی یہی فارمولا مانگ رہا ہے،عمران خان جب حکومت میں آئے تو انھیں پتا چلا کہ چوروں نے جھاڑو پھیرا ہوا ہے، اب ان کی سربراہی میں ہی ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔ تاہم انہوں نے اس شک کا اظہار بھی کیا کہ شاید ایک دو ماہ عمران خان کا امتحان سے گزریں۔

پیر 20 مئی 2019 21:09

وزیر ریلوے شیخ رشید کا 15 روز میں کراچی سرکلر ریلوے چلانے کا اعلان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) وزیر ریلوے شیخ رشید نے 15 روز میں کراچی سرکلر ریلوے چلانے کا اعلان کردیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پندرہ دن میں 45 کلومیٹر کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب تک 20 کلومیٹر ٹریک بحال کردیا ہے، ٹریک کے دونوں اطراف پچاس فٹ تک جگہ خالی کرائیں گے، لوگوں سے کہتے ہیں وہ از خود تجاوزات ختم کردیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ دنیا میں کہیں اتنے ایڈز کے مریض نہیں جتنے لاڑکانہ میں ہیں، وہ ایڈستان بن گیا ہے، اس پر وزیر صحت کو استعفی دینا چاہیے لیکن یہ بے شرم لوگ ہیں، بلاول بھٹو زرداری ایڈز پر کوئی اشتہار دیں تو مدد کو تیار ہیں۔ایک سوال کے جواب میںوزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہی سربراہی میں ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔

(جاری ہے)

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے نہیں بلکہ زرداری اور نواز گینگ سے خطرہ ہے۔ دو، دو ارب ان کے فالودے والے کے اکاؤنٹ سے نکل رہے ہیں۔ ملک سے بھاگنے کے لیے کہتے ہیں کہ رقم دے دیں گے اور بھاگ کر کہتے ہیں نہیں دیں گے۔انہوں نے اپوزیشن کی افطار پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں بے ایمانیوں کی وجہ سے اکٹھی ہو رہی ہیں۔

پہلے ہی کہہ دیا تھا شہباز شریف این آر او مانگ رہا ہے۔ اب آصف زرداری بھی یہی فارمولا مانگ رہا ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان جب حکومت میں آئے تو انھیں پتا چلا کہ چوروں نے جھاڑو پھیرا ہوا ہے، اب ان کی سربراہی میں ہی ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔ تاہم انہوں نے اس شک کا اظہار بھی کیا کہ شاید ایک دو ماہ عمران خان کا امتحان سے گزریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات