حکومت آزادکشمیر کا نظام زکوةٰ میں بڑے پیمانے پر انتظامی اصلاحات لانے کا فیصلہ

بدھ 22 مئی 2019 21:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) حکومت آزادکشمیر نے نظام زکوةٰ میں بڑے پیمانے پر انتظامی اصلاحات لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت انتظامی اخراجات مزید کم کرنے کے لیے 100ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک کے تحت ریٹائر کیا جائے گا جس سے محکمہ زکوةٰ کو سالانہ 6کروڑ روپے کی بچت ہوگی آزادکشمیر بھر میں مستحقین زکوةٰ کی فہرستوں کو از سر نو مرتب کیا جائے گا جس میں حقیقی مستحقین ،مساکین اور معذور افراد کو ترجیح دی جائے گی یہ فیصلے وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی صدارت میں منعقدہ محکمہ زکوةٰ و عشر کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیے گئے ہیں اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ زکوةٰ کی رقم سے 60ہزار خاندانوں کو سالانہ ساڑھے 7کروڑ روپے ادائیگی کی جاتی ہے یہ مستحق خاندان ہیں جو کہ زکوةٰ فہرست میں شامل ہیں دینی مدارس کے لیے سالانہ 5کروڑ روپے مہیا کیے جاتے ہیں جبکہ غریب مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے 1کروڑ 10لاکھ روپے ہسپتالوں کو براہ راست ادائیگی کی جاتی ہے جبکہ 24کروڑ روپے کے انتظامات اخراجات کیے جاتے ہیں اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیر زکوةٰ و عشر چوہدری یاسین گلشن ،سیکرٹری برائے وزیراعظم امجد پرویز ،سیکرٹری زکوةٰ خواجہ احسن ،چیئرمین زکوةٰ کونسل صاحبزادہ سلیم چشتی ،چیف ایڈ منسٹریٹر زکوةٰ تہذیب النساء اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے محکمہ کے دمہ داران کو ہدایت کی کہ اگلے 2سالوں کے دوران محکمہ زکوةٰ کے انتظامی اخراجات میں مزید 60فیصد کمی کی جائے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس محکمہ کے قیام کے اغراض و مقاصد پورے کرنے اور عوام کا اس ادارہ پر اعتماد بحال کرنے کے لیے جامع ورکنگ پلان تیار کیا جائے گا جس میں علماء کرام سے بھی مشاورت کی جائے گی زکوةٰ ایکٹ میں ترامیم کے لیے وزیراعظم خصوصی کمیٹی تشکیل دیں گے جو ترامیم تجویز کرے گی اجلاس کو بتایا گیا کہ زکوةٰ کا نصاب 44415روپے ہے محکمہ نے سٹیٹ بنک سے رابطہ کیا ہے کہ آئندہ زکوةٰ کی کٹوتی نہ کروانے کے لیے بیان حلفی جمع کروانے پر بھی پابندی ہو گی موجودہ حکومت نے محکمہ زکوةٰ میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ہیں چیئرمین زکوةٰ کونسل کی تنخواہ اور مراعات سات لاکھ روپے ماہانہ سے کم کر کے 80ہزار روپے ماہانہ تک لائی گئی ہیں تحصیلداران کی آسامیاں ختم کی گئی ہیں اس کے علاوہ سیکرٹری یوسی سمیت دیگر کیڈر کی 50آسامیاںختم کر دی گئی ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ گزشتہ 20برسوں سے آزادکشمیر میں زکوةٰ کی فہرستیں نئی نہیں بنیں آزادکشمیر میں نئی زکوةٰ فہرستوں کو مرتب کیا جائے گا مستحقین کی تعداد میں کمی سے سالانہ قسط میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا اس وقت مستحقین سالانہ قسط کے طور پر 1ہزار سے 16سو تک وصول کرتے ہیں جو 90سے ڈیڑھ سو روپے ماہانہ بنتی ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے اور مستحقین کے ساتھ مذاق ہے نئی زکوةٰ فہرستوں میں حقیقی مستحقین اور خاص طور پر معذور افراد کو شامل کیا جائے گا اسلام میں فقہ حنفیہ کے تحت زکوةٰ کی وصولی ریاست کا اختیار ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ محکمہ زکوةٰ میں جاندار اصلاحات کی جائیں گی اور اس محکمہ پر عوام کا اعتماد بحال کیا جائے گا محکمہ زکوةٰ پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس ادارہ کے انتظامی امور سو فیصد شفاف ہوں آزادکشمیر کے اندر زکوةٰ فنڈ کا غیر قانونی اور غلط استعمال مکمل طور پر ختم کیا ہے آزادکشمیر کے اندر زکوةٰ کے نظام کو مکمل طور پر فول پروف بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ہم عوام کا اعتماد بحال کریں گے اللہ رب العزت کی راہ میں خرچ کرنے اور اس کے بندوں کی اعانت کرنے سے اللہ رب العزت مزید رزق عطا کرتا ہے اور ترقی و عنایات کی برسات ہوتی ہے عوام کا اعتمام بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انتظامی معاملات شفاف ہوں الخمد للہ زکوةٰ سے فنڈ کا غیر قانونی اور غلط استعمال مکمل طور پر ختم کیا ہے اس نظام کو مکمل طور پر فول پروف بنایا جائے گا ۔