Live Updates

اسلام آباد، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس 2دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ

چینی نائب صدر وانگ کشان کے 3روزہ دورہ پاکستان کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میٹرو کو بند کورکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 26 مئی 2019 14:31

اسلام آباد، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس 2دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی2019) حکام نے اسلام آباد، روالپنڈی میں میٹرو بس سروس 2دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میٹرو بس سروس سوموار اور منگل کے روز بند رہے گی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ چینی نائب صدر وانگ کشان کے 3روزہ دورہ پاکستان کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چینی نائب صدر وانگ کشان آج 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ، وانگ کشان اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان صدر مملکت عارف علوی سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ چین کے نائب صدر وانگ کشان آج اسلام آباد پہنچیے ہیں اور وہ 26 مئی سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق وانگ کشان چائنہ کمیونسٹ پارٹی کے خارجہ امور کے کلیدی رکن ہیں۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایاکہ چینی نائب صدر کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلی سطحی تبادلوں کو جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نومبر 2018 اور حالیہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں وزیر اعظم کی شرکت کے بعد سے اعلی سطحی تبادلوں میں مزید تیزی آئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چینی نائب صدر وانگ کشان اپنے دورہ پاکستان میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گے،مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر پاکستان اور چین دستخط کریں گے۔ اس حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے جبکہ اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ 2دن تک اسلام آباد اور راولپنڈی میٹرو بس بند رہے گی۔ میٹرو بس 27اور28مئی کو بند رہے گی اور 29مئی بروز بدھ سے دوبارہ کام شروع کر دے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات