پیپلزپارٹی سندھ کا آصف زرداری کی گرفتاری پر کل یوم سیاہ منانےکا اعلان

کل 11 جون کو سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا، احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا، متنازع عدالتی فیصلوں کے ذریعے پیپلزپارٹی کو جھکایا نہیں جا سکتا۔سینئررہنماء پیپلزپارٹی سندھ نثار کھوڑو کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 جون 2019 18:46

پیپلزپارٹی سندھ کا آصف زرداری کی گرفتاری پر کل یوم سیاہ منانےکا اعلان
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 جون 2019ء) پیپلز پارٹی سندھ نے آصف زرداری کی گرفتاری پر کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ہے، سینئررہنماء پیپلزپارٹی سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ کل 11 جون کو سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا، احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا، متنازع عدالتی فیصلوں کے ذریعے پیپلزپارٹی کو جھکایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے آصف زرداری اورفریال تالپور کی ضمانت مسترد ہونے پر کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ کل 11 جون کو سندھ بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں کارکنان کل احتجاج کرینگے۔ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متنازع عدالتی فیصلوں کے ذریعے پیپلزپارٹی کو جھکایا نہیں جا سکتا۔ متنازع فیصلوں کے باجود عدالتوں میں ہی بے گناہی ثابت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

نثار کھوڑو نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں مگر متنازع فیصلوں پرپرامن احتجاج کا بھی حق رکھتے ہیں وفاقی حکومت اپوزیشن کے قائدین کیخلاف کاروائیاں کروا کر اپنی نااہلی نہیں چھپا سکتی۔

واضح رہے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو آج نیب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں گرفتار کرلیا ہے۔ جس پر پیپلزپارٹی اور اپوزیشن جماعتوں قومی اسمبلی میں شدید احتجاج کیا۔ بلاول بھٹو اجلاس میں پہنچے تو اسپیکر نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو تقریر کرنے کی اجازت دے دی۔ جس پر اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا۔

پی پی رہنماؤں نے شیخ رشید سے قبل بلاول بھٹو کو تقریر کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔ لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اب شیخ رشید کو اجازت دے چکا ہوں اس لیے ان کو بات کرنے دیں پھر بلاول بھٹو کو بات کرنے کی اجازت دے دوں گا۔ لیکن اپوزیشن نے اسپیکر ڈائس پر خوب ہلہ گلہ کیا۔ جس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ ایوان کوچلنے نہیں دے رہے۔ ماحول کوخراب کررہے ہیں۔

مجھے اجلاس ملتوی کرنے کے لیے مجبورنہ کریں۔ تاہم اسپیکر نے کل تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ ذاتی صفائی کے لیےایک منٹ گزارش کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے بولنے نہیں دیا گیا توکسی کوبولنے نہیں دوں گا۔ مجھے تقریرکرنے نہیں دی گئی تودیکھتا ہوں پھرایوان میں کون تقریرکرتا ہے۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے نیب سے بھرپور تعاون کیا،آصف زرداری نے کسی بھی طرح کوئی ہتھکنڈا استعمال نہیں کیا بلکہ نیب سے بھرپور تعاون کیا۔

زرداری ہرموقع پر نیب میں پیش ہوتے رہے،آصف زرداری کی گرفتاری کی نوبت نہیں آنی چاہیے تھی۔ شہباز شریف نے آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے آج ہی پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔