Live Updates

مشتاق سکھیرا کی برطرفی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں : خرم نواز گنڈاپور

منہاج القرآن ،عوامی تحریک لاہورکا مشترکہ اجلاس، 17 جون کے حوالے سے لائحہ عمل طے ماڈل ٹائون کے قاتلوں کا انجام عبرتناک ہوگا، افضل گجر، اشتیاق حنیف و دیگرشریف برادران نے سابق آئی جی کو ماڈل ٹائون کے قتل عام پر نوازا تھا

جمعرات 13 جون 2019 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مرکزی کردار سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکیھرا کی برطرفی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سابق آئی جی کو 17 جون 2014 ء کو قتل عام کروانے کے صلہ میں نواز شریف اور شہباز شریف نے وفاقی محتسب ٹیکس لگایا، انہوں نے کہا کہ کچھ قاتل آج بھی عہدوں پر براجمان ہیں انہیں بھی بلاتاخیر ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے، بے گناہ انسانوں کے قاتل سرکاری عہدوں پر رہنے کے قابل نہیں، دریں اثناء منہاج القرآن اور عوامی تحریک لاہورمشترکہ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں حافظ غلام فرید اور افضل گجر کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو ریاست مدینہ کے قالب میں ڈھالنے کے عظیم مشن کی ابتداء سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف سے کریں۔

(جاری ہے)

حافظ غلام فرید نے کہا کہ بطور اپوزیشن رہنما عمران خان ہمیشہ کہتے تھے کہ سانحہ ماڈل ٹائون کا کیس اتنا واضح ہے کہ اس کا فیصلہ زیادہ سے زیادہ ایک مہینے میں ہو جانا چاہیے تھا، اب ان کی حکومت کو بھی 10ماہ گزر گئے ،انصاف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنا بطور وزیراعظم ان کی ذمہ داری ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد افضل گجر نے کہا کہ غیر جانبدار تفتیش کا حق بھی چھین لیا گیا، انصاف کی صورت میں تبدیلی کے ثمرات شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء تک بھی پہنچنے چاہئیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 جون کو لاہور میں شہداء کی قبروں پر حاضری دی جائے گی،پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی،اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ شریف برادران کا اصل جرم ماڈل ٹائون کا قتل عام ہے، ماڈل ٹائون کے قاتلوں کا عبرتناک انجام ہو گا، اجلاس میں حاجی فرخ اعجاز، اخلاق حسین، علامہ خلیل حنفی، نورین علوی، چودھری محمد اقبال، حنیف قادری، اصغر ساجد، مرزا ندیم بیگ نے شرکت کی۔

نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر رفیق نجم نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور 17 جون کے حوالے سے شرکائے اجلاس کو مرکز کی پالیسی اور لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات