اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی پیشکش ، بی این پی مینگل نے اپنی شرائط رکھ دیں

آپ ہماری شرائط مان لیں ، ہم اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔ اختر مینگل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 جون 2019 13:51

اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی پیشکش ، بی این پی مینگل نے اپنی شرائط رکھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2019ء) : حکومتی اتحادی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل نے اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کے لیے اپنی شرائط رکھ دیں۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد نے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کی جس میں انہیں اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ اختر مینگل نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی دعوت کو مشروط کر دیا اور کہا کہ حکومت نے ہمارے مطالبات پر کوئی پیش رفت نہیں دکھائی۔

اگر آپ ہماری شرائط مان لیں تو ہم اپوزیشن کے اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے کو تیار ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی اتحادی بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی اپوزیشن میں شمولیت کی پیشکش پر مذاکرات کے لیے چار رکنی کمیٹی بنائی تھی۔

(جاری ہے)

بی این پی مینگل سے مذاکرات کے لیے قائم کی جانے والی کمیٹی میں خورشید شاہ، نیئر بخاری، راجا پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔

بلاول بھٹو کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔ کمیٹی بی این پی مینگل سے حکومتی اتحاد چھوڑ کر اپوزیشن میں شمولیت کے لیے مذاکرات کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے بلاول بھٹو کو مذاکراتی کمیٹی کے قیام کے لیے پیغام بھجوایا تھا اور مطالبات کی حمایت کے بدلے اپوزیشن میں شمولیت کی پیشکش کی تھی۔

اختر مینگل نے پیغام بھیجا تھا کہ اپوزیشن ہمارے مطالبات پر ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ کرے، مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں بی این پی مینگل اپوزیشن اتحاد کا حصہ بن جائے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد ہی حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کی جانب سے حکومت کو کافی ٹف ٹائم دیا گیا ہے۔ تاہم اب بی این پی مینگل نے اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کر دی ہے جس سے موجودہ حکومت کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔