نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کرلیا

گھر کو سب جیل قراردیدیا گیا‘کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 14 جون 2019 18:02

نیب نے فریال تالپور کو گرفتار کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جون۔2019ء) سابق صدر ،پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی ہمشیرہ اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے. نیب حکام کے مطابق فریال تالپور کو سابق صدر آصف زرداری کی طرح جعلی اکاﺅنٹس کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، چیئرمین نیب کے احکامات پر پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے.

نیب حکام کے مطابق رکن سندھ اسمبلی کے طبی معائنے کے لئے ڈاکٹروں کی ٹیم کو بلالیا گیا ہے‘ڈائریکٹر نیب شیخ شعیب، ڈپٹی ڈائریکٹر مجتبیٰ خان،افشاں بشارت سمیت 5رکنی نیب ٹیم فریال تالپور کی سب جیل رہائشگاہ پر موجود ہیں. نیب حکام کے مطابق انہیں کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، ان کی رہائش گاہ ہاﺅس 13اسٹریٹ 19ایف 8ٹو کو سب جیل قرار دیا گیا ہے.

چیئرمین نیب نے گزشتہ رات فریال تالپور کی گرفتاری کےلئے وارنٹ دستخط کرکے نیب ٹیم کے حوالے کئے تھے . ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور کو 10 جون کو ہی گرفتار کیا جانا تھا،مگر نیب ٹیم صرف آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری لے کر زرداری ہاﺅس پہنچی اور انہیں گاڑی میں بیٹھا کر نیب ہیڈ کوارٹر راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا. فریال تالپورکو اسلام آباد کے علاقے ایف ایٹ سے گرفتار کرلیا ہے تاہم انہیں نیب دفتر کی بجائے اپنے گھر میں ہی نظربند رکھا جائے گا انہیں کل صبح احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فریال تالپور تاحکم ثانی اپنے گھر میں مقید رہیں گی، نیب نے ان کی عزت نفس کا پہلے بھی احترام کیا اور آئندہ بھی اس کا خیال رکھا جائے گا.

قبل ازیں آصف زرداری نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فریال تالپور ڈرنے والی نہیں بلکہ ایک بہادرخاتون ہیں، وہ بھی ان کیسز کا مقابلہ کریں گی. پیر کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاﺅنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے نیب کو دونوں سیاسی راہنماﺅں کو گرفتار کرنے کی اجازت دی تھی۔

(جاری ہے)

نیب نے آصف زرداری کو تو اسی روز گرفتار کرلیا تھا تاہم فریال تالپور کی گرفتاری آج عمل میں آئی.

ایف آئی اے نے درجنوں جعلی بینک اکاﺅنٹس کا سراغ لگایا جن کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی اس کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت بہت بااثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام سامنے آئے جبکہ فالودے والے اور رکشے والے سمیت متعدد غریب لوگوں کے نام پر اربوں روپے کے بینک اکاﺅنٹس کا انکشاف ہوا جن سے وہ غریب خود بے خبر تھے. اس کیس میں چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی، اومنی گروپ کے مالک انور مجید سمیت آصف زرداری کے متعدد قریبی ساتھی بھی گرفتار ہوچکے ہیں.