Live Updates

پی ٹی آئی کی وزیر زرتاج گُل کے سفارشی خط کے بعد ایک اور خط منظر عام پر آ گیا

چئیرمین قائمہ کمیٹی ریاض فتیانہ نے بھی بھرتیوں کے لیے ایک سفارشی خط لکھ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 جون 2019 16:23

پی ٹی آئی کی وزیر زرتاج گُل کے سفارشی خط کے بعد ایک اور خط منظر عام پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کی وزیر زرتاج گُل کے سفارشی خط کے بعد ایک اور حکومتی نمائندے کا سفارشی خط سامنے آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زرتاج گُل کے بعد چئیرمین قائمہ کمیٹی ریاض فتیانہ نے بھی ایک سفارشی خط لکھ دیا۔ ریاض فتیانہ نے اپنے خط میں پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کو 13 افراد کو نوکری دینے کی سفارش کی۔

ریاض فتیانہ نے یہ خط چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان میمن کو لکھا۔ خط میں کہا گیا کہ فہرست میں شامل افراد کو انسانی بنیادوں پر ملازمت دی جائے۔ ریاض فتیانہ کی جانب سے دو خواتین ظرافت اقبال اور منہا عدین کو بھی ملازمت دینے کی سفارش کی۔ 5 کارکنوں کو آیا، ڈریسر، فزیو تھراپسٹ، ایڈمنسٹریٹر اور فارماسسٹ بھرتی کرنے کی سفارش کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے 8 کارکنون کو ڈسپنسر، کمپیوٹر آپریٹر اور نائب قاصد کو ملازمت دینے کی سفارش بھی کی۔

ریاض فتیانہ این اے 113 سے عام انتخابات میں کامیاب ہو کر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس معاملے پر ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ میرٹ پر آنے والے 13 افراد کی سفارش کی گئی۔ متعلقہ لوگ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن نہیں بلکہ حلقے کے عوام ہیں۔یاد رہے کہ یکم جون کو زرتاج گل وزیر کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کو ڈائریکٹر نیکٹا تعینات کرنے متعلق خبریں منظر عام پر آئی تھیں۔

جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے معاملے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان نے زرتاج گل کی بہن کی نیکٹا کے ڈائریکٹر کے عہدے پر تعیناتی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے زرتاج گل کو نیکٹا کو لکھے گئے خط سے دست بردار ہونے کی ہدایت کی تھی۔ بعد ازاں مسلم لیگ ن نے وفاقی وزیر برائے موسمیات زرتاج گل کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع بھی کیا تھا۔

درخواست مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے دائر کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی وزیر نے اپنی بہن کو نیکٹا میں تعینات کروانے کے لیے اثر و رسوخ استعمال کیا۔ زرتاج گل نے جھوٹ بولا کہ ان کی بہن میرٹ پر پورا اُترتی ہیں لہٰذا زرتاج گل کو اثر و رسوخ استعمال کرنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر نااہل قرار دیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات