ہماری حکومت نے گزشتہ 65سالوں کے مقابلہ میں زیادہ ترقیاتی کام کیے ہیں ‘چوہدری شہزاد محمود

مظفرآباد‘وزیر معدنیات اینڈ سمال انڈسٹری کا ہل سیری درہ ایک لنک روڈ کے افتتاح کیلئے آنے پر تباک استقبال ‘پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں

پیر 17 جون 2019 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2019ء) وزیر معدنیات اینڈ سمال انڈسٹری آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر چوہدری شہزاد محمود کا ہل سیری درہ ایک لنک روڈ کے افتتاح کے لیے آنے پر تباک استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ فضا شیر آیا شیر آیا کی آوازوں سے گونج اُٹھی۔ لوگوں میں جوش و خروش قابل دید تھا ۔ وزیر حکومت نے لنک روڈ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کے پاس وسائل کم ہیں اور مسائل زیادہ ہیں گزشتہ 65سالوں میں جو کام نہ ہو سکے وہ ایک یا دو سالوں میں نہیں ہو سکتے ہماری حکومت نے گزشتہ 65سالوں کے مقابلہ میں زیادہ ترقیاتی کام کیے ہیں موجودہ حکومت نے این ٹی ایس کے نفاذ کے ذریعہ سفارش کلچر کو ختم کرتے ہوئے بلا تفرق میرٹ پر استاد تعینات کیے غیر جانبدار اور انتہائی لائق اعلیٰ اوصاف کے حامل لوگوں پر پبلک سروس کمیشن قائم کیا جس کے نتیجہ میں غریب اور اہل لوگوں کو بغیر سفارش اور رشوت کے نوکریاں مل سکیں اور ادارے فعال ہوئے وہاں حکومت نے سرکاری دفاتر او رسکولوں میں ملازمین کی حاضری کو بروقت اور یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ کیا جس سے سکولوں میں ٹھیکہ سسٹم اور اساتذہ کی غیر حاضری کا خاتمہ کیا گیا اس کے بعد محکمہ صحت میں بائیو میٹرک سسٹم کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پورے حلقہ نمبر2میں بلا امتیاز ترقیاتی کام جار ی ہیں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحی کے ۔ موجودہ حکومت نے دیہاتی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے تا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے سیری درہ کے لوگوں نے سیاست میں جو کردار ادا کیا اُس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا وہ آزادکشمیر کی تاریخ میں روشن باب ہے۔

چوہدری شہزاد محمود نے مزید کہا کہ موجود ہ بجٹ میںپسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں پرخصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پورے حلقہ سمیت سیری درہ کے تمام مسائل حل ہوں گے لوگوں کو موجودہ اور سابق حکومتوں میں فرق نظر آئے گا۔ تقریب میں راجہ شاہنواز، راجہ عبدالعزیز خان ، شفیق احمد ، چوہدری محمد سلیمان اور دیگر نے خطاب کیا ۔ علاقے کے مسائل سے وزیر حکومت کو آگاہ کیا اُن کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں راجہ علی اکبر ، راجہ عبدالرحمن ، راجہ افسر خان ، راجہ ریاض ، راجہ تنویر،راجہ اشرف ، چوہدری محمد رفیق، راجہ یونس ، راجہ بلال خان، یاسر چوہدری، فیاض بھٹی اور دیگر نے شرکت کی۔