پی ٹی آئی کی حکومت جیلوں میں قیدیوں کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، میاں مجتبیٰ نصیر قریشی ایڈووکیٹ

جمعرات 20 جون 2019 16:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) )چیئرمین پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی پاکستان میاں مجتبیٰ نصیر قریشی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت جیلوں میں قیدیوںکے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ سرگودھا سید نجم شاہ کی کار کردگی مثالی ہے اور قیدی ان کی کار کردگی سے مطمئن ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے قیدیوں کی ویلفیئر اوراصلاح کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ نصیر قریشی نے کہا کہ سرگودھا جیل کے اندر قیدیوں کے چیک اپ کے لیے جلد میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم قیدیوں کا چیک اپ کرے گی اور مختلف بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کو ادویات مہیا کی جائیں گی جبکہ پرزنرز ویلفیئر سوسائٹی مستحق قیدیوں کو مفت قانونی امداد بھی مہیا کر رہی ہے، پنجاب کی جیلوں میں 645 نو عمر بچے اپنی مائوں کے ساتھ بند ہیں جن میںسے 135 شیر خوار دودھ پیتے بچے ہیں ان قیدی مائوں اور نو عمر بچوں کو دیگر قیدی خواتین سے علیحدہ رکھا جائے اور انہیں تمام سہولیات مہیا کی جائیں۔

(جاری ہے)

میاں مجتبیٰ نصیر قریشی نے مزید کہا کہ قیدیوں کی ویلفیئر اور اصلاح کے لیے ملک معراج خالد مرحوم کا مشن جاری ہے ،ملک معراج خالد کی تعلیم کے فروغ اور قیدیوں کی ویلفیئر اور اصلاح کے لیے خدمات سنہری حروف سے لکھی جائیں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب چوہدر ی محمد سرور قیدیوں کی ویلفیئر میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کے تعاون اور سر پرستی میں قیدیوں کی اصلاح کا مشن جاری رہے گا۔