دریائے جہلم سے 2 لاکھ سے اڑھائی لاکھ کیوسک کا ریلا گزرسکتا ہے، محکمہ موسمیات

منگل 25 جون 2019 14:31

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) محکمہ موسمیات نے برسات میں معمول کے مطابق بارشوں کا عندیہ دیا ہے جس کے پیش نظر دریائے جہلم کے کنارے آباد لوگوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ سیلاب کے دنوں میں دریائے جہلم سے دو لاکھ سے اڑھائی لاکھ کیوسک کا ریلا گزرتا ہے جو بھیرہ‘ میانی‘ ساہیوال‘ جھاوریاں اور دیگر بڑے قصبات کے علاوہ درجنوں قصبات کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ساہیوال اور گردونواح کے علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ لنگر والا پل کی تعمیر کیلئے دریاء کی چوڑائی کم کی گئی ہے جس سے ساہیوال کے کئی دیہاتوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں ساہیوال کے ارکان اسمبلی اور سابق یوسی چیئرمینز کا کہنا ہے کہ ہم نے اس وقت کی (ن) لیگ کی حکومت اور انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا کہ دریا کی چوڑائی کم کی جارہی ہے جو پانی کے بہائو میں اضافے کا موجب بنے گی جس سے قریبی دیہاتوں کو خطرات لاحق ہونگے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر دریائے جہلم میں پانی کا بہائو زیادہ ہوا تو یہ انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کرسکتا ہے ۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال پر مکمل نظر ہے انشاء اللہ سیلابی صورتحال میں انتظامیہ متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائیگی۔