افغان صدر اشرف غنی سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ملاقات

جمعہ 28 جون 2019 13:16

افغان صدر اشرف غنی سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2019ء) افغان صدر اشرف غنی سے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق افغان صدر نے شہباز شریف سے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کی۔ اشرف غنی نے کہا کہ شہباز شریف سے ان کی پہلی ملاقات 1980ء میں ہوئی تھی۔

یہ تعلق آج بھی قائم ہے۔ شہباز شریف نے افغان صدر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ افغانستان کے صدر ہونے کے علاوہ ماہر تعلیم‘ سوشل سائنٹسٹ‘ لکھاری اور سٹیٹس مین بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن اور خطہ کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے کردار ادا کرنے پر افغان صدر کا کردار لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے افغانستان میں انتخابات میں صدر اشرف غنی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور کہا کہ انتہائی مصروفیت کے باوجود ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانوں کا دوسرا گھر ہے۔ ہم آپ کو اپنا محترم بھائی بھی تصور کرتے ہیں اور انہیں پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام نے بدامنی کے باعث بہت سی تکالیف برداشت کی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے وفد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی‘ راجہ ظفر الحق‘ خواجہ محمد آصف‘ خرم دستگیر اور مریم اورنگزیب شامل تھیں۔