مظفرآباد انتظامیہ کا برار کوٹ کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد‘ عوام علاقہ نے شکایات اور مسائل کے انبار لگا دیئے

جمعرات 4 جولائی 2019 18:17

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2019ء) مظفرآباد انتظامیہ کی جانب سے برار کوٹ کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر بدر منیر نے کھلی کچہریوں کے انعقاد اور عوامی مسائل سے آگاہی کی رفتار تیز کر دی ہے، گزشتہ روز برار کوٹ کھلی میں کچہری کا انعقاداسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عفت اعظم کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں انتظامیہ ، محکمہ تعلیم ، برقیات ، بلدیات اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

عوام علاقہ نے اس موقع پر شکایات اور مسائل کے انبار لگا دیئے اور اس امر کا اظہار کیا کہ جب متعلقہ محکموں کے دفاتر میں شکایت کی جاتی ہے تو اس پر کوئی توجہ نہیں دی جاتی ، علاقے میں پانی بجلی ، محکمہ تعلیم کے حوالے سے زیادہ شکایات کی گئیں جبکہ پترینڈ ہائیڈرل پراجیکٹ کے متعلق بھی احتجاج کیا گیا ، پراجیکٹ سے منسلک عوامی حقوق ضروریات کو نذر انداز کر دیا گیا ہے جس کے باعث شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، کھلی کچہری میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں اوقات کی پابندی ، سٹاف کی حاضری کے حوالے سے بہت شکایات ہیں اور تعلیمی معیار متاثر ہوتا ، بجلی لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں ہے‘ کئی کئی دن بجلی خراب ہو نے پر بحال نہیں کی جاتی ، محکمہ بلدیات کی اسکیمیں غیر معیاری اور برادری ازم کی بنیاد پر ہڑپ کی جارہی ہیں ، علاقہ میں سڑکوں کا برا حال ہے آئے روز حادثات پیش آرہے ہیں، کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے، اسسٹنٹ کمشنر عفت اعظم، ضلعی تعلیم افیسر، ایس ڈی او برقیات احتشام قریشی دیگر نے کہا کہ عوامی جذبات سے چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا جائے گا ، چیف سیکرٹری کے اس اقدام سے جہاں عوام کے مسائل اجاگر ہوں گے وہاں عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات کی فراہمی بھی یقینی بنے گی، عوام نشاندہی کریں ، عوام کی سہولیات کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے‘ اے سی مظفرآباد نے کہا کہ انتظامیہ ہو یا حکومتی نمائندے سب عوامی خدمت گار ہیں، ہمارے پاس اختیارات عوام کی امانت ہیں ہم ان اختیارات سے عوام کی زندگی کی بنیادی ضروریات کو پورا اور مسائل کو دور کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :