آزاد کشمیر میں 9ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا پوٹینشل موجود ہے،ڈاکٹر سید آصف حسین

آزاد کشمیر کی ضرورت 350میگا واٹ ہے جبکہ اس وقت 2361میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری آزاد کشمیر

جمعرات 11 جولائی 2019 21:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2019ء) آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات)ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اندر 9ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا پوٹینشل موجود ہے ۔ اس وقت 2361میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے ۔ جبکہ آزاد کشمیر کی ضرورت 350میگا واٹ ہے ۔آزاد کشمیر اس وقت 2100میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں بھیج رہا ہے ۔

آزاد کشمیر میں ہائیڈرل منصوبوں سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور سماجی مسائل کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ واٹر شیڈ مینجمنٹ اس وقت پورے ملک کے لیے نہایت ضروری ہے ۔ اس وقت مون سون کا رخ مغرب کی طرف منتقل ہو رہا ہے ۔ جس کے لیے پلاننگ کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز خیبر پختونخواہ کے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، کنزرویٹر جنگلات اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران بھی موجود تھے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات نے کہا کہ دنیا بھر میں ہائیڈرل منصوبہ جات سے ماحولیاتی مسائل جنم لیتے ہیں ان مسائل کو حل کر نے کے لیے جامع منصوبہ بندی درکار ہوتی ہے ۔ ہائیڈرل منصوبہ جات اس وقت توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناگزیر ہیں لیکن اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آگے ماحولیاتی اثرات کم سے کم پڑیں ۔

حکومت آزاد کشمیر ہائیڈرل منصوبہ جات کے ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں وفاقی حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے اس موقع پر آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں پریس فائونڈیشن کا ادارہ صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے سرگرم عمل ہے ۔ آزاد کشمیر میں ایڈورٹائزمنٹ اور میڈیا پالیسی دور جدید کے میڈیا کے تقاضوں کے مطابق بنائی گئی ہے ۔ میڈیا ورکرز کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جارہا ہے اور میڈیا کے ساتھ مثالی روابط قائم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :