فیصل آباد، برسات میں ممکنہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظرتمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

جمعہ 12 جولائی 2019 15:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2019ء) : کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمود جاوید بھٹی نے موسم برسات میں بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے سے متعلق انتظامات کاجائزہ لیا اور مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیش گوئی پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں موسم برسات میں ممکنہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر متعلقہ محکمے تمام تر انتظامات وتیاریوں کے ساتھ ہائی الرٹ ہیں۔

واسا، ٹی ایم ایز، پی ایچ اے، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ محکمے ایمرجنسی ڈیوٹی کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور بارشوں کی صورت میں پانی کے فوری اخراج کیلئے تمام تر مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طوفان باردوباراں کے دوران سڑکوں پر گرنے والے درختوں کو فوری طور پر اٹھایا جائے اور شہر کے کسی حصہ میں بھی گندی یاتعفن نظر نہیں آناچاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیسکو حکام سے کہا کہ وہ بجلی تنصیبات کی حفاظت کریں اور خدانخواستہ تاریں ٹوٹنے یا کھمبا گرنے پر فوری رد عمل کا مظاہرہ کریں تاکہ کسی بھی جانی ومالی نقصان سے بچاجاسکے۔انہوں نے کہا کہ کمزور اوربوسیدہ عمارتوں کے مالکان بھی احتیاطی و حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔مزید برآں انہوں نے کہاکہ موسم برسات میں ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے تمام تر احتیاطی اور انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ بارشوں کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے خطرات کو روکنے سے متعلق انسدادی اقدامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہاکہ مون سون موسم ڈینگی مچھر کو افزائش کیلئے موافق ماحول فراہم کرتاہے اور اگر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا تو ڈینگی پھیلنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں لہٰذااس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر کے بارے میں شہریوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر انسداد ڈینگی کیلئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن کمیونٹی کی شمولیت کے بغیر انہیں کامیاب نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ کسی جگہ بارشوں کا پانی کھڑا رہنے نہ دیا جائے اوراپنے گھروں کی چھتوں کو صاف رکھیں اورپرنالوں کی رکاوٹوں کو دور کریں۔انہوں نے تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ سکولوںوکالجوں کی عمارتوں کی چھتوں اور دیگر جگہوں کی صفائی کا بھی خاص خیال رکھیں۔