پنڈتوں کی وطن واپسی سیاسی نہیں انسانی مسئلہ ہے ، میرواعظ

محفوظ واپسی کے لئے آنے والے دنوں میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 12 جولائی 2019 22:00

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2019ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ’’ع‘‘ گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے پنڈتوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے آنے والے دنوں میں علماء ، تجار ، سول سوسائٹی اور پنڈتوں پر مشتمل کمیٹی کو تشکیل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے ہجرت کر چکے پنڈتوں کو وادی واپس لانے کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ حال میں منعقدہ میلہ کھیر بھوانی کے موقع پر پنڈت برادری سے وابستہ لوگوں نے میرے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے اپنی وطن واپسی کے لئے مجھ پر بحیثیت میرواعظ اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنڈتوں کی واپسی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں پیشرفت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنڈت برادری کی وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جس میں علماء سیول سوسائٹی ، تجار کے علاوہ پنڈت برادری سے وابستہ لوگ شامل ہوں گے ۔ انہو ںنے کہاکہ کمیٹی پر ایک طبقے کے ساتھ ملاقات کریں گے اور پنڈت برادری کی وطن واپسی کے لئے راہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔۔