Live Updates

پولیس اور نیب کے بعد اب عدلیہ کو بھی متنازع بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں،پیر اعجاز ہاشمی

شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری، اپوزیشن کے خلاف ریاستی مشینری کو استعمال کیا جارہا ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم اداروں کی قسمت سے نہ کھیلیں، میڈیا کا گلا گھونٹا جارہا ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 جولائی 2019 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2019ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدرمتحدہ مجلس پیر اعجا ز احمد ہاشمی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے خلاف ریاستی مشینری کو استعمال کیا جارہا ہے۔ حتیٰ کہ پولیس اور نیب کے بعد اب عدلیہ کو بھی متنازع بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

حکمرانوں کے ہاتھوں غیر جانبدارادارے متنازع ہوتے جارہے ہیں۔ ہمارا سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کو مشورہ ہے کہ اداروں کی قسمت سے نہ کھیلیں۔ وہ اب قوم کے درد کا رونا رونے کی بجائے، عام آدمی کو پہنچنے والے درد کا خیال رکھیں۔جو مہنگائی بیروزگاری اور آئی ایم ایف کے ایجنڈے کے تحت درپیش ہے۔ میڈیا کا گلا گھونٹا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

جمہوری ادارے تباہ کئے جا رہے ہیں۔

اپنے بغض کے اظہار اور انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے اداروں کو متنازع بنایا جارہا ہے۔ ن لیگ کی قیادت اور نیب اور دیگر اداروں کا ٹارگٹ ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ریاستی اداروں کا استعمال بدقسمتی ہے۔ جج ارشد ملک کی ویڈیو پر سیاست کرکے اداروں کو بد نام نہ کیا جائے۔ ویڈیوز کی تحقیقات ہونی چاہیں۔

اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو اس کیس کو کسی منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے خلاف مبینہ طور پر اچھی ساکھ والے ادارے کو منفی طور پر استعمال کیا گیا مگر ابھی تک کوئی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ جس سے واضح نظر آرہا ہے کہ حکومت اور ادارے مسلم لیگ نواز کو توڑنے کے لئے سیاسی ماحول بنارہے ہیں۔اور انہیں سیاسی انتقامی کاروائیوں میں مہنگائی اور بیروزگاری کو بھلایا جارہا ہے۔ نہ ہی میڈیا اپنا کوئی کردار ادا کرتا نظرآرہا ہے۔لگتا ہے جیسے کوئی سول مارشل لا نافذ ہو۔ ؁
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات