پیپلز پارٹی میں بڑھکیں مارنے اور بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کا جلد احتساب ہوگا

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کی پریس کانفرنس

جمعرات 18 جولائی 2019 23:03

پیپلز پارٹی میں بڑھکیں مارنے اور بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کا جلد احتساب ..
سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے پیپلز پارٹی میں بڑھکیں مارنے اور بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کا جلد احتساب ہوگا۔ جمعرات کے روزسکھر میں پی ٹی آئی رہنما مبین جتوئی کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ این اے 205 میں ایسی کیا بات ہے کہ ساری پیپلزپارٹی وہاں پر لگی ہوئی ہے وہاں کی سرکاری مشینری پیپلزپارٹی کی کمدار بنی ہوئی ہے اور بلاول بھٹو زرداری 6 دن سکھر میں رہے آخر ایسا کیا تھا کہ ان کو چھ دن رکنا پڑا، 6 دن میں ان کو سکھر کو فراہم کیے جانے والے گندے پانی کا خیال کیوں نہیں آیا، رتو دیرو میں 6ماہ کی آصفہ نے دم توڑ دیا وہاں نہیں گئے، سندھ کی بیٹیاں کراچی میں اپنے حق کے لیے دھکے کھا رہی ہیں لیکن اس کا خیال پیپلزپارٹی کو نہیں آیا، نرسز پر تشدد کیا گیا تو ہم برداشت نہیں کریں گے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں کئی خاندانوں کو تباہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے چوری کی تو پکڑے گئے،وہ سب پکڑے جائیں گے جنہوں نے چوری کی ہے، اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کی اپنی اینٹ سے اینٹ بج گئی ہے سندھ میں گندم کے سالانہ دس ارب روپے کے اسکینڈل میں بھی بڑے بڑے نام ہیں، پیپلزپارٹی اداروں کو نشانہ بنارہی ہے ،گھوٹکی کے الیکشن کے دوران ساری ضلعی انتظامیہ استعمال کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 205 پر پی ٹی آئی کے امیدوار افتخار احمد لوند کے خلاف گھوٹکی میں ڈرائیور پر تشدد کا واقعہ ڈرامہ اور بے بنیاد ہے۔