Live Updates

نیب ٹیم کا مفتاح اسماعیل کے گھر چھاپہ، عدم موجودگی کی باعث تلاشی کے بعد واپس چلی گئی

عمران خان ہی نیب کے سربراہ ہیں،ساری جیلیں بھردیں،مسلم لیگ(ن) یہ جدوجہد جاری رکھے گی، محمدزبیر

جمعرات 18 جولائی 2019 23:29

نیب ٹیم کا مفتاح اسماعیل کے گھر چھاپہ، عدم موجودگی کی باعث تلاشی کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2019ء) قومی احتساب بیورو(نیب)کی ٹیم نے جمعرات کوسابق وزیرخزانہ اور مسلم لیگ(ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری مفتاح اسماعیل کے گھر پر چھاپا مارا، مگر سابق وزیر خزانہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے ٹیم واپس چلی گئی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر نیب ٹیم مفتاح اسماعیل کے گھر پہنچی۔ کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد نیب کی ٹیم گھر میں داخل ہوگئی۔

ٹیم کے ساتھ خواتین اہلکار بھی موجود تھیں۔نیب کی ٹیم سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ایل این جی کیس میں گرفتار کرنے آئی تھی۔ ان کی وارنٹ گرفتاری پر چیئرمین نیب نے دستخط کیے تھے۔ تفتیشی ٹیم نے گھر کی تلاشی لی۔مفتاح اسماعیل کے گھر کے باہر مختلف جگہوں پر پیدل نفری بھی موجود تھی، جبکہ مفتاح کا فون بھی دوپہر تین بجے سے بند جارہا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ان کے ملازم نے بتایا کہ وہ گھر میں موجود نہیں ہیں۔ مفتاح اسماعیل کے گھرپر چھاپے کی اطلاع ملتے ہی ، سابق گورنرسندھ محمدزبیر، مسلم لیگ(ن) سندھ کے صدرشاہ محمدشاہ،سینئرنائب صدر علی اکبرگجر، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری شہبازشیخ،کراچی کے صدر سلمان خان سمیت مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد مفتاح اسماعیل کے گھرپہنچ گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں سابق گورنرسندھ محمدزبیرنے مفتاح اسماعیل کی رہائش گاہ پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل سابق سابق وزیرخزانہ رہے ہیں،ان کے گھرپرچھاپہ نااہل حکومت کی بدترین مثال ہے ،مفتاح اسماعیل نے ملک و قوم کی خدمت کی ہے،بغیر کسی وجہ کے چھاپے مارے جارہے ہیں گرفتاریاں ہورہی ہیں،عمران خان خود عوام کو گھر سے باہر نکلنے پر مجبور کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ( ن)اور میں خود بھی موجودہ صورتحال کی مذمت کرتا ہوں۔مفتاح اسماعیل بہترین فنانس منسٹر تھے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان ہی نیب کے سربراہ ہیں۔ساری جیلیں عمران خان بھردیں۔مسلم لیگ(ن) یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔یہ چاہتے ہیں کہ صرف گرفتاریوں کی خبریں چلتی رہیں ۔باہر کے لوگ بھی اگر انٹرویو کرتے ہیں کہ تو ان کے پائوں کانپتے ہیں ۔

محمدزبیرنے کہاکہملکی معیشت کا عمران خان کی حکومت نے بیڑا غرق کردیا ہے ۔ لگتا ہے کہ ملک میںجیسے مارشل لا لگا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو نہیں مانتے ہم عمران خان کو باہر نکالیں گے۔چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی پر بھی کام ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مفتاح اسماعیل کی اہلیہ سے میری دو بار بات ہوئی ہے،چھاپے کے وقت مفتاح اسماعیل گھر پر موجود نہیں ہیں۔

میڈیا سے بات چیت میںشاہ محمدشاہ نے مفتاح اسماعیل کے گھرپر نیب کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ آج ایک پر امن شہری کے گھر کے باہر ہم کھڑے ہیں۔عمران خان نے ہٹلر کا روپ دھارا ہوا ہے، وزیراعظم ملک کا شیرازہ بکھیررہے ہیں،پاکستان کو عمران خان سے خطرہ ہے ۔ملک میں ایک مارشل لا لگا ہوا ہے،۔انہوں نے کہاکہ آج شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا،آج ایماندار لوگوں نے حکومت میں آنے سے توبہ کرلی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات