مون سون بارشوں سے بنگلہ دیش کے دریاؤں میں طغیانی،30ہلاکتیں

چارلاکھ افرادبے گھر، حکومت نے ایک ہزار کے قریب عارضی پناہ گاہیں قائم کر دیں،حکام

ہفتہ 20 جولائی 2019 12:33

مون سون بارشوں سے بنگلہ دیش کے دریاؤں میں طغیانی،30ہلاکتیں
ْڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) بنگلہ دیش کے دریاؤں میں آئے سیلابوں سے کم از کم چار لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ۔ اب تک مختلف علاقوں میں 30 انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں،حکومت نے ایک ہزار کے قریب عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اورکہاکہ موسلادھار بارشوں کے بعد ندیوں، نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔

سیلابی ریلوں کا پھیلاؤ مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیتا جا رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے شمال اور شمال مغربی حصے کے تیئیس اضلاع کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔ اب تک مختلف علاقوں میں 30 انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ حکومت نے ایک ہزار کے قریب عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں۔ بھارت اور نیپال میں بھی مون سون کی بارشوں نے تباہی پھیلا رکھی ہے۔