آصف زرداری کی سالگرہ کے موقع پر پیپلزیوتھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں مظاہرے

جمعہ 26 جولائی 2019 16:48

آصف زرداری کی سالگرہ کے موقع پر پیپلزیوتھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2019ء) پیپلزیوتھ آگنائزیشن سندھ کے جنرل سیکرٹری شعیب مرزا اور ترجمان تیمور علی مہر نے 26جولائی آصف علی زرداری کی سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ قائد جمہوریت آصف علی زرداری کو آئین کی حفاظت اور قوم کو 18ویں ترمیم کاتحفہ پیش کرنے کے جرم میں انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،آج پیپلزیوتھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈسٹرکٹ لیول کی سطح اور حکومت کی انتقامی کاروائیوں پر ہمارا ہر کارکن سراپااحتجاج ہے، کراچی آفس سے جاری بیان میں شعیب مرزاکا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ ہمارے قائد کو کس جرم میں جیل میں ڈالا گیاہے اور کس جرم میں پیپلز پارٹی کے قائدین کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، انہوںنے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ہمراہ ہر قسم کے جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنے کو تیار ہیں، ماضی میں بھی آصف علی زرداری کو جھوٹے مقدمات میں سز ا ہوئی اورانہوں نے بے گناہ ہونے کے باجود گیارہ سال قید کی سزا کاٹی اور بعد میں باعزت بری ہوئے اور آج پھر اندھی قوتوں کی ایماء پر وہ نہ کردہ جرم کی سز ا کاٹ رہے ہیں، اس موقع پرپی وائی او سندھ کے ترجمان تیمور مہر کا کہنا تھا کہ موجودہ جمہوریت وہ جمہوریت نہیں ہے جس کے لیئے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کا نزرانہ پیش کیا بلکہ یہ سول ڈکٹیٹر کی حکومت ہے جو اس وقت جمہوریت کے نام پر پورے ملک میں آمریت برپا کیے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ جمہوریت کے رکھوالوں کو اور کتنے عرصے تک قیدو بند میں رکھا جائیگا، ریاست کی پوری مشینری پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو گرفتار کرنے اور انہیں سزائیں دینے پر لگی ہوئی ہے، تیمور مہر نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان جیلوں سے نہ توڈرنے والے ہیں اور نہ ہی گھبرانے والے ہیں بلکہ ہم ان جھوٹے اور بے بنیاد کیسز کا بھرپور مقابلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کو انتقام کا نشانہ بنانے اور دیوار کے ساتھ لگانے کی سازشیں ہوتی رہی ہیں مگر جیالے نہ ماضی میں گھبرائے اور نہ ہی آج گھبرائیں گے ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے پیپلز پارٹی کے لوگوں نے پاکستان کی سا لمیت اور غریب لوگوں کے حقوق کی خاطر جان و مال کی قربانیاں دی ہیں، انہوںنے مزید کہاکہ ہمار ی پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، مخالفین طاقت اور اقتدار کے نشے میں جتنا چاہیں ظلم ڈھالیں لیکن ہم اپنی عوام کی خدمت اور پاکستان کی بہتری کے لیئے تمام مظالم سہنے کو تیار ہیں ، حکمران شاید بھول گئے ہیں کہ حق و باطل کی جنگ میں جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔