جعلی اکاﺅنٹس کیس میں بڑی پیش رفت‘ناصر لوتھا وعدہ معاف گواہ بن گئے

احتساب عدالت نے ناصر لوتھا کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 19 اگست 2019 16:39

جعلی اکاﺅنٹس کیس میں بڑی پیش رفت‘ناصر لوتھا وعدہ معاف گواہ بن گئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اگست۔2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے کہا ہے کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور دبئی کے شہری ناصر عبداللّٰہ لوتھا اس کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں. ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے ناصر لوتھا کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے، ناصر عبداللّٰہ لوتھا کو عیدالاضحیٰ سے پہلے احتساب عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا.

ناصر عبداللّٰہ لوتھا کے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست پر حتمی فیصلہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کریں گے، جبکہ نیب کی جانب سے اس پیش رفت کو بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جعلی اکاﺅنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، عبدالغنی مجید سمیت اہم ملزمان نامزد ہیں، جبکہ ناصر عبداللّٰہ لوتھا سمٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین رہ چکے ہیں.

ذرائع کے مطابق نیب نے ناصر عبداللّٰہ لوتھا کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے اور اہم شواہد حاصل کر لیے ہیں، ناصر لوتھا نے دبئی سے پاکستان آ کر بیان قلمبند کرایا تھا، وہ منی لانڈرنگ ریفرنس میں ملزم نامزد تھے. دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے. اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے پیپلز پارٹی کے رہنماءقائم علی شاہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی،قائم علی شاہ اپنے وکلاءکے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے.

قائم علی شاہ کے وکیل نے موقف اپنایا کہ اس وقت قائم علی شاہ کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے ،نیب کی جانب سے تفتیش کیلئے بلانے پر قائم علی شاہ پیش ہوتے رہے ہیں. قائم علی شاہ نیب کی تحقیقات کا حصہ ہیں اور مکمل تعاون کر رہے ہیں،عدالت نیب کی تحقیقات مکمل ہونے تک قائم علی شاہ کو ضمانت دے‘عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو 5لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت 29اگست تک منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے.