برطانیہ نے مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا

ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ دو ممالک پاکستان اور بھارت کا آپسی معاملہ ہے، اس مسئلے کو ان دو ممالکوں کو ہی مل کر حل کرنا چاہیئے: برطانوی وزیراعظم

muhammad ali محمد علی بدھ 21 اگست 2019 00:26

برطانیہ نے مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست2019ء) برطانیہ نے مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا، برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کشمیر کا مسئلہ دو ممالک پاکستان اور بھارت کا آپسی معاملہ ہے، اس مسئلے کو ان دو ممالکوں کو ہی مل کر حل کرنا چاہیئے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بورس جانسن کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر حل کرنا ہے اور اس کیلئے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے۔ برطانوی ذرائع ابلاغ سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے منگل کے روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

(جاری ہے)

اس دوران دونوں رہنماوں کے درمیان مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس دوران برطانوی وزیراعظم نے واضح طور پر کہا کہ برطانیہ سمجھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر حل کرنا ہے اور برطانیہ اس مسئلے کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ تاہم دوسری جانب تنازعہ کشمیر کو حل کروانے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاصے متحرک ہیں۔ امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے گزشتہ روز ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کو ہدایت کی ہے کہ کشمیر میں نافذ کرفیو فوری ختم کیا جائے۔