جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، عبدلغنی مجید، یونس قدوائی اورحسین لوائی سمیت دیگر بدعنوان عناصر کے خلاف بدعنوانی کے 6 ریفرنس دائر کئے گئے ہیں، قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو نیب راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر بریفننگ

منگل 27 اگست 2019 14:28

جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، عبدلغنی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اگست2019ء) قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بتایا گیا ہے کہ نیب راولپنڈی نے جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، عبدلغنی مجید، یونس قدوائی اورحسین لوائی سمیت دیگر بدعنوان عناصر کے خلاف بدعنوانی کے 6 ریفرنس دائر کئے ہیں اور13 ارب روپے سے زائد رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی ہے،41 ملزموں کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں، 21انکوائریاں اور 12انویسٹی گیشن جاری ہیں۔

نیب راولپنڈی نے تقریباً 51 ارب 46لاکھ روپے سے زائد مالیت کی املاک منجمند کی ہیں۔ یہ بات چیئرمین نیب کو نیب راولپنڈی کے دورہ کے موقع پر بتائی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور ان کی ٹیم نے چیئرمین نیب کو جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل کیس سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران کسی دبائو کا خاطر میں لائے بغیر بلاخوف وخطر ہوکر کام کریں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ تمام مقدمات ملزمان کے سماجی رتبہ کو دیکھے بغیر میرٹ پر نمٹائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران بااثر افراد کے خلاف وائٹ کالر کرائم کے مقدمات نمٹا رہے ہیں تاہم ہر ملزم کا احترام کیا جائے اور اسے اس پر لگائے گئے الزامات پر اپنا موقف پیش کرنے کے لئے پورا موقع فراہم کیا جائے۔چیئرمین نیب نے پولیس کلچر کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے کہا کہ افسران اپنے مقدمات سے متعلق انتہائی صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور مقدمات کو مقررہ وقت میں منطقی انجام تک پہنچانا یقینی بنائیں تاکہ انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا اور مقدمات پر پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔ چیئرمین نیب نے نیب افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اختیارات کو منصفانہ انداز میں استعمال کریں تاکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے نیب راولپنڈی کے پراسیکیوشن ونگ کو ہدایت کی کہ وہ مقدمات کے تمام قانونی پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمات کی تیاری کریں تاکہ عدالت میں شواہد کی ساکھ برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے مقدمات کیس سسٹڈی اور یہ پاکستان کے عدالت نظام کے لئے مثال کے طورپر پیش کئے جاسکیں۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ نیب راولپنڈی نے 13ارب 81لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی ہے۔نیب راولپنڈی نے جنوری 2019ء میں جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل کی تحقیقات شروع کرنے سے اب تک سابق صدر آصف علی زرداری ، فریال تالپور، عبدلغنی مجید، یونس قدوائی اورحسین لوائی سمیت دیگر 39 ملزموں کو گرفتار کیا ہے جبکہ ان کے خلاف بدعنوانی کے 6 ریفرنس دائر کئے ہیں۔

41ملزموں کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں، 21انکوائریاں اور 12انسویسٹی گیشن جاری ہیں ۔ نیب راولپنڈی نے تقریباً 51 ارب 46لاکھ روپے سے زائد مالیت کی املاک منجمند کی ہیں۔ نیب راولپنڈی نے ایمنسٹی پلاٹس سٹریٹ نمبر 28 اور سٹریٹ نمبر 28A بلاک ون سکیم 5 کلفٹن کراچی میں غیر قانونی الاٹ منٹ پر یونس قدوائی ، سابق ایڈمنسٹریٹر کے ڈی اے حسین سید ، سابق میٹروپولیٹن کمشنر کے ڈی اے متانت علی خان ، سابق ڈائریکٹر کے ڈی اے نجم زمان اور دیگر کے خلاف احتساب عدالت اسلام آباد میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

نیب راولپنڈی نے سابق سیکرٹری سپیشل انیشی ایٹو ڈپارٹمنٹ زیڈ احمد خان ،حسن علی میمن ، خواجہ عبدالغنی ماجد ، مناہل ماجد اور دیگر کے خلاف سپیشل انیشی ایٹو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میسرز حارث اینڈ کمپنی کو غیر قانونی ٹھیکے دینے پر احتساب عدالت اسلام آباد میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔نیب راولپنڈی نے اومنی گروپ آف کمپنیزکے چیف ایگزیکٹو آفیسر زین ملک ، محمد یونس ، عبدالجبار ،محمد شبیر ، آفتاب احمد میمن ، محمد اسلم قریشی، میسرز بحریہ ٹائون پرائیویٹ لمیٹڈ ، میسرز پنک زیذیڈنسی کے خلاف میسرز پنک زیذیڈنسی اور دیگر کو سرکاری زمین کی الاٹ منٹ اور ریگولائزیشن کرنے پر بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔

نیب راولپنڈی نے میسرز پارک لین سٹیٹ کی فرنٹ کمپنی میسرز پارتھینون پرائیویٹ لمیٹڈ و دیگر کے قرضہ میں توسیع اور خرد برد کے مقدمے میں سابق صدر آصف علی زرداری ، عبدالغنی مجید ، حسین لوائی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔نیب راولپنڈی نے ایک اور مقدمے میں جعلی بینک اکائونٹس سکینڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری ، حسین لوائی اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ نیب راولپنڈی نے نہر خیام کیس میں منظور قادر کاکا ، زین ملک ، حسین مرزااور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔