’جس کو عثمان بزدار کی شکل پسند نہیں وہ پی ٹی آئی چھوڑ دے‘

وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے عثمان بزدار کے مخالفین کو واضح پیغام دے دیا شہباز گل نے مزید کہا کہ جس دن وزیر اعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹے میں وزیر اعلیٰ ہاؤس چھوڑ دیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 11 ستمبر 2019 16:09

’جس کو عثمان بزدار کی شکل پسند نہیں وہ پی ٹی آئی چھوڑ دے‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،11ستمبر 2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان شہباز گل نے اپنی ہی جماعت پی ٹی آئی میں موجود وزیر اعلیٰ کے مخالفین کو واضح پیغام دے دیا۔ شہباز گل نے آج پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیراعظم نے 5 سال کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب بنایا ہے، اگر کسی کو عثمان بزدار کی شکل اچھی نہیں لگتی تو میں کچھ نہیں کر سکتا، وہ پارٹی چھوڑ دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اپنی پارٹی کے لوگ ہماری پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں۔ اگر وزیراعظم نے کہا کہ عثمان بزدار اب وزیراعلیٰ نہیں تو میں اْن کی وکالت نہیں کروں گا۔ جس دن وزیراعظم کا حکم آیا عثمان بزدار 12 گھنٹے میں وزیراعلیٰ ہاوٴس چھوڑ دیں گے۔میڈیا بریفنگ کے دوران مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قوم بابائے قوم قائد اعظم کی ممنون ہے کہ انہوں نے ہمیں پاکستان جیسا تحفہ دلایا، دنیا کو یہ سچ ماننا پڑے گا کہ آج مقبوضہ کشمیر کو ایک عقوبت خانہ بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پولیس تشدد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی صورت کسی کو کسی پر تشدد کی اجازت نہیں ہے، پولیس لوگوں کی خدمت کیلئے ہے نہ کہ تشدد اور ٹارچر سیل کے لیے ہے۔ پولیس تشدد کے واقعات پر آزاد ، خود مختار بورڈ بنانے کی تجویز زیر غور ہے، تھانوں میں پبلک ریلیشن آفسر تعینات کریں گے اور شکایت بکسز بھی لگا رہے ہیں۔پولیس کلچر بدلنے میں ٹائم لگتا ہے، یہ کام ایک دن میں نہیں ہوتا، کے پی کے میں پولیس کو ٹھیک کرنے سے دو سے ڈھائی سال کا عرصہ لگا۔

یقینا پولیس کو ٹھیک کرنا مشکل کام ہے لیکن ہم اصلاحات کے وعدے پر قائم ہیں، پنجاب میں بھی پولیس کا نظام جلد ٹھیک ہو جائے گا۔ترجمان وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ حیرت ہے جو پولیس کو خواتین پر تشدد کا حکم دیتے تھے ، وہی آج اس پولیس کو برا بھلا کہہ رہے ہیں، کیا وہ لوگ ماڈل ٹاون کا سانحہ بھول گئے ہیں۔ سبزہ زار سے ماڈل ٹاوٴن تک پولیس سے غلط کام لینے والے کس منہ سے ہمیں درس دے رہے ہیں۔