پوری قوم غاصب بھارتی افواج کے ظلم و ستم میں گھرے کشمیریوں کیلئے فکر مند ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا بیان

جمعرات 12 ستمبر 2019 12:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے کہا ہے کہ پوری قوم غاصب بھارتی افواج کے ظلم و ستم میں گھرے کشمیریوں کیلئے فکر مند ہے، مہینے بھر سے جاری کرفیو اور خوراک و ادویات کی بندش سے مقبوضہ کشمیر ایک المیے کی جانب سرک رہا ہے، جاتی امراء کے درباریوں کو نواز شریف کے کام و دہن کا غم ستا رہا ہے، اہل کشمیر کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے ان کی زبانیں گنگ ہوجاتی ہیں۔

(جاری ہے)

جاری بیان کے مطابق انہوں نے مریم اورنگزیب کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو’’موروثیت‘‘ اور ’’درباری سیاست‘‘کی زندہ مثال دیکھنی ہو تو مریم اورنگزیب کے بیانات ملاحظہ کرے۔ احمد جواد نے کہاکہ روز اول سے کہتے آئے ہیں کہ نون لیگ کی سیاست ذات اور ذاتی مفادات کے تحفظ سے شروع ہو کر کرپشن پر ختم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریم اورنگزیب نواز شریف کے کھابوں کیلئے فکر مند ہونے کی بجائے محصور کشمیری عوام کیلئے آواز اٹھائیں۔