Live Updates

حکومت عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برداشت نہیں کرے گی،راجہ راشد حفیظ

واسا پانی کی بلا تعطل فراہمی ٹھوس اور موثر اقدامات کرے ،کھلی کچہری اور اجلاس سے خطاب

اتوار 15 ستمبر 2019 17:50

راولپنڈی 15ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں بنیادی ضروریات و سہولیات سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برداشت نہیں کرے گی ،وزیر اعلی پنجاب نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، صحت عامہ کی بہتری کیلئے صفائی سمیت دیگر اقدامات اور ڈینگی سے بچائو اور علاج معالجے کیلئے پورے وسائل بروئے کار لاکر لوگوں کی زندگی میں سہولیات پیدا کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ،سہولیات کی فراہمی میں وسائل یا فنی رکاوٹوں کو فوری دور کرنا حکومت کا کام ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔

نیو کٹاریاں یوسی 14 میںکھلی کچہری کے موقع پر انہوں نے واسا ، سینی ٹیشن اور البائرک سے متعلقہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے متعلقہ حکام کو کاروائی کرنے کے احکامات جاری کیے اور کہاکہ جہاں کہیں کوئی فنی یا وسائل کی رکاوٹ پیش آتی ہے تو اس کے ازالے کیلئے مجھے بتایا جائے تاکہ اس رکاوٹ کو دور کیا جائے ۔

(جاری ہے)

راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والے پیسے ان ہی کی بہبود پر لگائے جا رہے ہیں اور ماضی کے برعکس اب ان وسائل میں کوئی حکومتی عہدیدار یا سرکاری اہل کار ساجھی نہیں رہا ۔

ہم ملک کو ریاست مدینہ بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے واسا دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس میں واسا حکام کو ہدایت کی کہ وہ پانی کی عوام کو بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کریں ۔واسا کے ذمہ دار افسر فلٹریشن پلانٹس کا ہر ماہ باقاعدگی سے دورہ کریں اور پانی کے معیار کو چیک کیا جائے ۔ علاوہ ازیں جہاں ضرورت ہو وہاں نئی پائپ لائن ڈالی جائے اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار لائینوں کو درست کیا جائے ۔

صوبائی وزیر نے وارث خان میں معروف سماجی و سیاسی راہنماء شیخ آصف کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ناشتے میں بھی شرکت کی اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کسی ذاتی لالچ ، نمود و نمائش اور دکھلاوے کے بغیر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر کا مقدمہ لڑ رہے ہیں ہم سب اس عمل میں ان کے دست و بازو ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی اور انتہائی تیزی کے ساتھ اپنی گرتی ہوئی سیاسی مقبولیت سے پریشان بلاول زرداری نے سندھو دیش کی بات کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کو عوام کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات