شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان وفود کی سطح پر اہم ملاقات

سیاسی صورتحال ، اسلام آباد کی طرف مار چ اور لاک ڈائون ، مہنگائی ،نیب کیسز پر تبادلہ خیال ،آئندہ کے حوالے سے حکمت عملی زیر غور آئی مسلم لیگ (ن) ملاقات کے حوالے سے پارٹی قائد محمدنواز شریف سے مشاورت کرے گی ،ذرائع

اتوار 15 ستمبر 2019 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمدشہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان وفود کی سطح پر لاہور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، جے یو آئی کے اسلام آباد کی طرف مار چ اور لاک ڈائون ، مہنگائی ، اپوزیشن رہنمائوں پر کیسز پر تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے حکمت عملی زیر غور آئی ،مسلم لیگ (ن) ملاقات کے حوالے سے پارٹی قائد محمدنواز شریف سے مشاورت کرے گی ۔

ماڈل ٹائون میں ہونے والی ملاقات میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے اکرم خان درانی ،مولانا عبد الغفور حیدری ، مولانا اسد محمود ،مولانا امجد خان جبکہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے راجہ ظفرالحق، احسن اقبال ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، انجینئر خرم دستگیر ، مریم اورنگزیب ، برجیس طاہر شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے مہنگائی کی حالیہ لہر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور ملک کی معاشی کشتی ہچکولے کھا رہی ہے ۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو اپوزیشن رہنمائوں سے ہونے والی اپنی ملاقاتوں کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا ۔ملاقات میں جے یو آئی (ف ) کی جانب سے اسلام آباد کی طرف مارچ اور لاک ڈائون کے حوالے سے اعلان کا تمام پہلوئوں کا بغور جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پارٹی قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کی سطح پر مشاورت کا دورہوگا ۔